پنجاب میں رات ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار، آج بھی بادل برسنے کی پیش گوئی
لاہور (ویب ڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں بعض مقامات بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔مون سون نے پھررنگ جما دیا، بیشتر شہروں میں موسم سہانا، لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سورج نکل آیا تاہم شہر میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ہلکی ہلکی ہوا نے بھی حبس کا زور توڑ دیا ہے۔
مریدکے، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل خوب برسے جس سے گرمی اڑن چھو ہو گئی، خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی آسمان سے برستے پانی نے موسم دلکش بنا دیا۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج بھی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، جموں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34، سری نگر 29 اور لیہہ میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔