افغانی کے نام پر ایرانی سیب درآمد کرنے پر 22 امپورٹر، کسٹم ایجنٹ گرفتار، قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا ٹیکہ

افغانی کے نام پر ایرانی سیب درآمد کرنے پر 22 امپورٹر، کسٹم ایجنٹ گرفتار، قومی ...
افغانی کے نام پر ایرانی سیب درآمد کرنے پر 22 امپورٹر، کسٹم ایجنٹ گرفتار، قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا ٹیکہ

  

پشاور(آئی این پی ) پشاور کسٹمز حکام نے افغانستان سے ایرانی سیبوں کی درآمد کی مد میں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے پر 22 درآمد کنندگان اورکسٹمز کلئیرنگ ایجنٹس کو گرفتار کرلیاجب کہ پانچ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان نے افغانستان کے سیبوں کی ڈیوٹی دے کر ایرانی سیب درامد کیے تھے جس سے قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا کسٹمز ڈیوٹی ،سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں نقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق امپورٹرز نے یکم جولائی 2019 سے 31 اکتوبر 2019تک سیب کی 541 کھیپ منگوائیں جس پر پاکستانی حکام نے کاغذات تصدیق کے لیے افغانستان بھجوائے جس میں سے 378 کاغذات جعلی نکلے جس پر وفاقی حکومت نے ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کو مقدمات درج کرنے کا حکم دیا۔ہفتہ کے روز درآمد کنندگان اور کسٹمز کلئیرنگ ایجنٹس کو کسٹمز جج کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت قبل ازگرفتاری منسوخ ہونے پرانھیں حراست میں لے لیاجبکہ پانچ امپورٹر روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پشاور کسٹمز کے ترجمان نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان کو کسٹمز کی حوالات میں رکھا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔ انکوائری افسر سعید اختر اور حفیظ کے مطابق افغان سیب کی درامد پر دس فیصد اور ایرانی سیب پر بیس فیصد کسٹمز ڈیوٹی ہے جبکہ ملزمان نے ایرانی سیب کو افغان سیب ظاہر کرکے درامد کرکے قومی خزانے کو 34 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔

مزید :

بزنس -علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -