عالم اسلام کے ممتاز عالم دین اور مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف سپرد خاک،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

عالم اسلام کے ممتاز عالم دین اور مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف سپرد ...
عالم اسلام کے ممتاز عالم دین اور مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف سپرد خاک،نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کےممتازعالم دین،سابق مشیروفاقی شرعی عدالت،سابق رکن اسلامی نظریاتی کونسل،درجنوں کتابوں کےمصنف،دنیامیں سب سےزیادہ شائع ہونےوالی تفسیر"احسن البیان"کےمفسر شیخ الحدیث حافظ صلاح الدین یوسف  کو آہوں اور سسکیوں کے درمیان لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،مرکز اہل حدیث لارنس روڈ لاہور میں انکی نمازجنازہ شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے پڑھائی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

تفصیلات کےمطابق عالم اسلام کےجیداورممتازعالم دین،مفسرقرآن اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے رہنما حافظ صلاح الدین یوسف 75 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے۔مرکزاہل حدیث لارنس روڈ لاہورمیں اُنکی نمازجنازہ شیخ الحدیث حافظ مسعود عالم نے پڑھائی،جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،مرحوم کو مقامی قبرستان میں سینکڑوں سوگوراران کی موجودگی میں سپردخاک کردیا گیا۔ان کی وفات پر امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر علامہ ساجد میر،سیکرٹری جنرل حافظ عبدالکریم، چیف آرگنائزر حافظ ابتسام الہی ظہیر، حاجی عبدالرزاق نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ علامہ ساجدمیرنے کہا کہ مرحوم ایک بلند پایہ عالم مصنف اور مفسر قرآن تھے،اُنکی تفسیر "احسن البیان" دنیائے اسلام کی مقبول ترین تفسیر ہے۔انکی وفات سے علمی دنیا میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے۔ مرحوم کی تفسیر "احسن البیان" مجمع ملک فہد (شاہ فہد قرآن پرنٹنگ پریس) مدینہ منورہ سے شائع ہوتی رہی جس کی بڑی خصوصیت یہ ہے کہ دنیا بھرکے ارد و دان حجاج کو حج سے واپسی پر مفت تقسیم کی جاتی تھی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -