گزشتہ مالی سال لاہور سے کتنے گیس چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے?جانئے

گزشتہ مالی سال لاہور سے کتنے گیس چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے?جانئے
گزشتہ مالی سال لاہور سے کتنے گیس چور رنگے ہاتھوں پکڑے گئے?جانئے

  

لاہور(لیاقت کھر) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے گزشتہ مالی سال2019-20 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کے جی ایم شہزاد اقبال لون کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2019-20 کے دوران گیس چوری کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری مہم کے دوران2775 گیس چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا , جس میں 390 مقامات پر گھریلو میٹروں سے گیس کا کمرشل استعمال پکڑا گیا ۔ 40ہزار سے زائد نئے کنکشن فراہم کیے گیے ۔60 کلومیٹر سے زائد پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کیا گیا ہے ۔

جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ ایم ڈی سوئی گیس کمپنی عامر طفیل کی ہدایت پر گزشتہ مالی سال 2019-20 کے دوران گیس چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری رکھا گیا ہے جس میں گزشتہ مالی سال کے دوران 2775 گیس چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور ان گیس چوروں میں 1854 صارفین کمپریسر کی مدد سے گیس کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے جن کے کنکشن محدود مدت کے لئے منقطع کئے گئے ۔

اسی طرح شہر کے مختلف مقامات پر کارخانوں ، فیکٹریوں سمیت ملک شاپ، سویٹ شاپ اور تندوروں پر چھاپے مارے گئے جس میں 390 صارفین کو گھریلو میٹروں سے کمرشل استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے جبکہ فیکٹریوں اور کارخانوں سمیت جعلی نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈائون کر کے 39 بائی پاس پکڑے گئے ہیں جن کے ذریعے فیکٹریوں ، کارخانوں اور گھروں کو جعلی نیٹ ورک کے لئے سوئی گیس کی مین سپلائی لائن کو کٹ لگا کر بائی پاس ڈال کر گیس چوری کی جا رہی تھی جس سے سوئی گیس کمپنی کی کروڑوں روپے کی گیس کی بچت ہوئی ہے ۔ اسی طرح گنجان آبادیوں سمیت ہائوسنگ سکیموں میں 250 مقامات پر جعلی طریقے سے لائنیں بچھا کر کی جانے والی گیس چوری پکڑی گئی ہے جبکہ 101 جعلی میٹر پکڑے گئے ہیں ۔

جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون نے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ مالی سال 2019-20 کے دوران گیس چوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا گیا ہے جس میں گیس چوروں کو جرمانوں کی مد میں 479 ایم ایم سی ایف والیم بک کیا گیا ہے جس میں 21 کروڑ سے زائد کی گیس چوروں سے ریکوری کی گئی ہے جبکہ گیس چوری رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر 135 چوروں کے خلاف لاہور سمیت قصور، بھائی پھیروں کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے ہیں ۔

جی ایم سوئی گیس شہزاد اقبال لون کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 40 ہزار سے زائد صارفین کو گیس کے نئے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں آئندہ مالی سال میں 36 ہزار سے زائد صارفین کو گیس کے نئے کنکشن فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں کئی سال پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کو مرحلہ وار تبدیل کیا جا رہا ہے جس میں مزنگ، گلبرگ، گڑھی شاہو، غازی آباد، مغل پورہ، ہربنس پورہ سمیت 30 سے زائد علاقوں میں پرانی اور بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کیا گیا ہے جن کی اوسطاً لمبائی 60کلو میٹر سے زائد بنتی ہے جس سے گیس کی لیکج پر قابو پایا گیا ہے اور اس سے گیس کے لائن لاسز اور یو ایف جی شرح کم کرنے میں مدد ملی ہے ۔

اسی طرح گیس چوری کی روک تھام میں بڑے پیمانے پر کامیابی سے گیس چور مافیا کا نیٹ ورک ختم کر کے گیس کے لائن لاسز اور یوایف جی کی شرح کم کرنے میں مدد ملی ہے ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -