وہاب ریاض نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کے خواب دیکھنا شروع کردیئے،ایسی بات کہہ دی کہ سلیکٹرز بھی سوچ میں پڑ جائیں
ووسٹر(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہیں۔تجربہ کار پیسر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نیٹ پریکٹس میں مطلوبہ فارم اور فٹنس حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے، ضرورت پڑنے پرخدمات حاضر ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے پیسر وہاب ریاض نے کہا کہ 2010 کے دورہ انگلینڈ میں عمر گل کے انجرڈ ہونے پر ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع ملا، ابتدا میں تھوڑی گھبراہٹ تھی،کپتان کی حوصلہ افزائی پر بھرپور رفتارکے ساتھ بولنگ کی، میں اینڈریو اسٹروس، جوناتھن ٹروٹ، کیون پیٹرسن اور ایون مورگن کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہا، بعد ازاں ٹیل اینڈرز میں سے مزاحمت کرنے والے سٹورٹ براڈ کو سلو بال پر پویلین بھیجا، ڈیبیو پر 5 وکٹوں نے اعتماد میں اضافہ کیا لیکن سب سے زیادہ خوشی مورگن کی وکٹ سے حاصل ہوئی، ان دنوں انگلش بیٹسمین کی صلاحیتوں اور سٹروکس کا بڑا چرچا تھا، میں چاہتا تھا کہ ان کوضرورآوٹ کروں اور اس میں کامیابی ہوئی۔
وہاب ریاض نے کہا کہ حالیہ دورے میں پاکستان کو ضرورت ہوئی تو ذہنی اور جسمانی طور پر ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے تیار ہوں،اس چیلنج کیلیے نیٹ میں سخت محنت کی ہے۔یاد رہے کہ وہاب ریاض نے طویل فارمیٹ سے عارضی رخصت لی ہوئی تھی جو انگلینڈ روانگی سے قبل ختم کردی۔