حکومت کو سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں کے حوالے سے خصوصی ویڈیو جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم آفس نے حکومت کو سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیوں کے حوالے سے خصوصی ویڈیو جاری کردی جس میں وزیراعظم کی عالمی سطح پر مقبولیت کو دکھایا گیا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آفس نے سفارتی محاذ پر حکومت کو ملنے والی کامیابیوں کے حوالے سے ویڈیو جاری کردی ہے، ویڈیو میں بھارتی وزیر اعظم مودی کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں کو دکھایا گیا ہے۔ویڈیو میں افغان امن،سعودی ایران تنازع میں مصالحتی کردارپرروشنی ڈالی گئی ہے۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوگئیں۔ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی شاندار سفارتی کوششوں کا نہ صرف ثمر پاکستان کو ملا بلکہ ملکی وقار میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی سطح پر عمران خان کی مقبولیت کااعتراف کیا گیا ہے۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے امریکہ،یورپ،چین اور اسلامی ملکوں سےمثالی دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔