ن لیگ والوں کی تو اپنی پارٹی میں کوئی نہیں ۔۔۔فواد چوہدری نے ایسی بات کہہ دی کہ شریف برادرن بھی سوچ میں پڑ جائیں گے
جہلم(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے قد کا آدمی پورے پاکستان میں نہیں ہے،مسلم لیگ نواز والوں کی آج کل پارٹی میں کوئی نہیں سن رہا تو باہر کون سنے گا؟موجودہ حالات کے تناظر میں اپوزیشن کی ساری لیڈر شپ تتربتر ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نےاپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کی کوششوں میں رخنہ نہ ڈالیں، اپوزیشن جماعتیں عمران خان کو چھوڑیں پہلے یہ فیصلہ کریں اپوزیشن کرنی کس نے ہے، ابھی تک ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں طے نہیں ہوسکا ان کا لیڈر کون ہے؟۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے اپنا اپنا لیڈر تلاش کریں پھر عمران خان کے استعفے کی بات کریں، عمران خان کے قد کا آدمی پورے پاکستان میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی مسئلہ نہ ہو، حکومت 5 سال پورے کرے گی، کسی کو پسند ہو یا نہ ہو عمران خان کے ساتھ ہی پاکستان کا گزارہ ہے، وزیراعظم اس وقت اہم مسائل، کرونا وبا سے نمٹ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے در پیش مسائل کا مقابلہ کررہی ہے، سندھ میں ایک جے آئی ٹی سامنے آئی ہے جس میں بہت کچھ ہے، پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔