کوہ نور ملز لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدن میں 55.65فیصد کمی
اسلام آباد(اے پی پی)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں کوہ نور ملز لمیٹڈ (کے ایم ایل) کی بعد از ٹیکس آمدن میں 55.65فیصد کمی ہوئی ہے۔ کمپنی کے مالیاتی اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا دسمبر2020کے دوران کے ایم ایل کا بعد از ٹیکس منافع 153ہزار روپے تک کم ہوگیا جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر2019کے دوران کوہ نور ملز لمیٹڈ کو 345ہزار روپے بعد از ٹیکس آمدن ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کے ایم ایل کی بعد از ٹیکس آمدن میں 192ہزار روپے یعنی 55فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کے نتیجہ میں کوہ نور ملز لمیٹڈ کی فی حصص آمدن بھی 6.78روپے کے مقابلہ میں 2.99روپے فی حصص تک کم ہوگئی۔
واضح رہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جولائی تا ستمبر2020کیلئے کمپنی کو 43ہزار روپے بعد از ٹیکس منافع ہوا اور اسکی فی حصص آمدن 0.85روپے رہی تھی تاہم دوسری سہ ماہی اکتوبرتا دسمبر2020میں کے ایم ایل کی بعد از ٹیکس آمدنی 109ہزار روپے اور فی حصص آمدن 2.15روپے ریکارڈ کی گئی۔