معاشی ترقی کیلئے ٹیکس کم کی جائے: صفدر علی بٹ
لاہور(سٹی رپورٹر)کاروباری طبقہ پرٹیکسوں کی شرح کم کی جائے تاکہ تاجر برادری کو کاروبارکرنے کیلئے ریلیف مل سکے۔ ان خیالات کا اظہار صدر لبرٹی مارکیٹ بورڈصفدر علی بٹ نے تاجروں برادری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں اور وہ پہلے ہی مشکل اور نامساعد حالات میں معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔موجودہ شرح سود نے معیشت کا گلا گھونٹ رکھا ہے جس میں کمی کئے بغیر اقتصادی سرگرمیاں اور شرح نمو کم ہوتی چلی جائیں گی جبکہ بے روزگاری اور ٹیکس کا شارٹ فال بڑھتا رہے گا۔ملک کے مالیاتی نظام میں شرح سود کو کم کرنے کی ضرورت ہے جس پر غور کیا جائے۔ صفدر علی بٹ نے کہا کہ مہنگائی کے باعث روزگار تباہ ہو چکے ہیں اور کاروبار نہ ہونے کے باعث ایف بی آر ا ہداف حاصل نہیں کر سکے گا۔انھوں نے کہا کہ پیچیدہ ٹیکس نظام کی وجہ سے کاروباری برادری بے حد پریشان ہے۔ حکومت کاروباری طبقہ کو مراعات نہیں دے رہی۔ انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی ہمت اورعوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے اس لئے صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔نئے مالی سال کے لیے حکومت کی طرف سے مقررہ کردہ ٹیکس اہداف سے عوام، کاروباری برادری پر دباؤ بڑھا دے گی۔ کورونا زدہ معیشت مزید ٹیکسز کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے اس لیے اس پر نظر ثانی کی جائے انہوں نے کہا کہ کورونا زدہ معیشت چھ ہزار ایک سو ارب کے ٹیکس کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے جسے تسلیم کیا جائے اور ٹیکس اہداف پر نظر ثانی کی جائے۔کاروباردوست بنانے کیلئے تجارتی، کاروباری تنظیموں کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے تاکہ اقتصادی ہدف کو ممکن بنایا جاسکے۔کورونا وباء کے تناظر میں عوام اور کاروباری برادری اتنا ٹیکس ادا کرنے کے قابل نہیں ہے۔ ٹیکس ہدف سے تاجروں پر دباؤ بڑھے گا اور ملک میں پہلے سے بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی میں مزید اضافہ سے غریب اور سفید پوش طبقہ کی قوت خرید میں کمی ہوگی۔ٹیکسز کے اہداف بڑھنے سے ٹیکس نہ دینے کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔