شاہین، چاروں شانے چت

شاہین، چاروں شانے چت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


انگلینڈ کی نئی اور بی ٹیم نے پاکستانی شاہینوں کو دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں بھی چاروں شانے چت کر دیا، لارڈز کی تاریخی گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے تین میچوں کی اس سیریز کے مسلسل دوسرے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو52رنز سے شکست کا سامنا ہوا، انگلینڈ کی ٹیم کے247 رنز کے جواب میں شاہین صرف41 اوور کھیل پائے اور195کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سماجی فاصلوں کے باعث کھیل کے میدان خالی اور تماشائیوں کے بغیر ہوتے، تاہم برطانیہ نے یہاں ویکسین کے حامل شائقین کو کھیل دیکھنے کی اجازت دی اور پہلی بار گراؤنڈ میں کھیل دیکھنے کے لئے شائقین آئے اور ان کے سامنے پاکستانی شکست کھا گئے، بارش کی وجہ سے یہ دوسرا میچ47 اوور تک محدود کر دیا گیا تھا۔پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ کے کھلاڑی247رنز بنا سکے، حسن علی نے پانچ وکٹیں لیں، باؤلروں نے پچھلے میچ کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائی، تاہم بیٹنگ بری طرح لڑکھڑا گئی۔ امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم، رضوان اور صہیب مقصود بھی کچھ نہ کر پائے، نوجوان آل راؤنڈر سعود شکیل اور حسن علی نے کچھ مزاحمت کی۔ سعود شکیل نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے، باقی کھلاڑی ناکام نظر آئے، یوں تین میچوں کی یہ سیریز مسلسل دو میچ جیت کر انگلینڈ نے اپنے نام کر لی، کورونا کے باعث انگلینڈ کی نامزد کردہ قومی ٹیم کے قریباً سبھی کھلاڑی قرنطینہ میں چلے گئے اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے نئی ٹیم بین سٹوک کی قیادت میں میدان میں اتاری،اس میں پانچ کھلاڑی ایسے تھے، جو پہلی مرتبہ ایک روزہ عالمی میچ کھیل رہے تھے، اس ٹیم نے بھی فتح حاصل کر کے ریکارڈ بنا لیا، شائقین اور ماہرین کرکٹ اس کارکردگی سے بہت مایوس ہوئے،ان کا سوال ہے کہ کرکٹ ٹیم کے اس زوال کی ذمہ داری کون لے گا؟ اکثر ماہرین نے اپنی کرکٹ کے ڈھانچے پر اعتراض کیا اور کہا پوری پاکستانی کرکٹ 30،25کھلاڑیوں کے گرد گھوم رہی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ ہو نہیں رہی، انٹر ڈسٹرکٹ مقابلے دو تین سال سے نہیں ہوئے، ان ٹورنامنٹس سے کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کے لئے نکلتے تھے۔ ریجنل کرکٹ بھی ابھی مکمل فعال نہیں ہوئی اور تعلیمی اداروں میں بھی کرکٹ کا حال برا ہے، شائقین نے تو ٹیم مینجمنٹ کو برطرف کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔کہ شاہین  بی ٹیم سے ہار کر سی ٹیم کی پوزیشن  پر آ گئے ہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -