عید الاضحٰی کی آمد، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ، انتظامیہ مکمل ناکام 

عید الاضحٰی کی آمد، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ، انتظامیہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(انور کھرل) عیدالاضحی قریب آتے ہی صوبائی دارالحکومت میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی ہوشر بااضافہ ہو گیا، ادرک کی اڑان بے قابو، قیمت 600 روپے کل تک پہنچ گئی،چینی، گھی، کوکنگ آئل اور آٹا، دالیں عام آدمی کی قوت خرید سے باہر گئے، پھلوں میں آم، جامن،آلو بخار اور انگور کی قیمتیں بھی کنٹرول سے باہر ہو گئیں۔ انتظامیہ اقدامات اور دعوؤں کے باوجودمقررہ قیمتوں پر اشیائے صرف کی خریدوفروخت کروانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ عیدکا چاند نظرآنے کے اعلان کے ساتھ ہی اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ تھم نہ سکا ہے۔عام مارکیٹوں میں ہول سیل پر اشیاء مہنگی ملنے پر دکانداروں نے بھی ریٹ دگنا کر دئیے ہیں۔روزنامہ پاکستان کی جانب سے کئے گئے سروئے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سروئے کے دوران عام مارکیٹ اور سہولت بازاروں میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں خاطر خواہ اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر تمام اشیاء کی قیمتیں تاحال برقرار ہیں جو کہ 15 جولائی کے بعد کم یا بڑھنے کے امکانات ہیں۔ سبزیوں میں پہلا نمبر ادرک کا ہے جس کی عام مارکیٹ میں قیمت 500سے بڑھ کر 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ دیگر سبزیوں میں شملہ مرچ 80 تا 90، گھیا توری، 50 تا 60 روپے کلو، بند گوبھی 80 سے 90 روپے فی کلو، کھیرا، 80 روپے، بھنڈی توری 90، بینگن 60 روپے، گھیا کدو 100 روپے، ٹینڈے 80 تا 90 روپے، کریلے 90 روپے، لہسن 240 روپے،پیاز 60 روپے، دھنیا گٹی 40 روپے، مٹر 250 روپے ٹماٹر 90 تا 100 روپے، سبز مرچ 160 تا 170 روپے فی کلو میں فروخت ہوئیں۔ اسی طرح پھلوں میں مختلف اقسام کے آم 100 تا 120 روپے، جموں 140 سے 160 روپے کلو، کیلا 80 روپے فی درجن، آلو بخارا، 200 خربانی 200 روپے کلو،انگور 250 روپے، آڑو 150 سے لے کر 180 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔اسی طرح اشیائے خوردونوش میں چینی 100 روپے، گھی مختلف اقسام 290 تا 320 روپے کلو، کوکنگ آئل 300 تا 320 روپے کلو، دال چنا 160 روپے، دال مسور 160 روپے، دال مونگی 240 روپے، دال ماش 280 تا 300 روپے فی کلو، چاول مختلف اقسام 160 تا 200 روپے فی کلو فروخت ہوئے ہیں۔اس طرح دیگر مصالحہ جات سمیت دیگر اشیائے صرف کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اتار چڑھاؤ پایا گیا ہے۔اس حوالے سے شہریوں رحمت علی، محمد شانی، محمداسلم، محمد تصور اقبال، محمد عثمان، سلیم احمد، ساجد علی و دیگرنے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری کم ہونے کے بجائے روز روز بڑھتی جا رہی ہے، دکانداروں محمد رضا، محمد رشید، محمد کاشف، محبوب حسین، گلاب دین، ساجد حسین نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتیں تھم نہیں رہیں۔ ہمیں بھی تھوڑا بہت منافع پر چیزیں فروخت کرنی پڑتی ہیں۔ اس میں ابتدائی سطح پر قیمتوں کو کنٹرول کیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض کا کہنا ہے کہ قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے پرائس مجسٹریٹس ٹیموں کو سخت احکامات دے رکھے گئے ہیں جو منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج اور گرفتاریاں عمل میں لا رہی ہیں۔
اشیائے خورونوش قیمتیں 

مزید :

صفحہ اول -