ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کالام بازار اور مہو ڈنڈ کا دورہ
پشاور (سٹی رپورٹر) وزیر خوراک خیبرپختونخوا عاطف خان کے خصوصی ہدایات پر صوبے میں معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے ٹیکنکل ٹیمز کے ہمراہ کالام بازار، اوشو اور مہوڈنڈ کا دورہ کیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے کالام میں موجود فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ٹیمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں اپنے کاروائیاں سوات کے دیگر سیاحتی مقامات تک توسیع دینے کی ہدایات جاری کی۔ شاہ رخ علی خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر ملاکنڈ ڈویژن اسد قاسم کے ہمراہ خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا، اور وہاں پر موجود سیاح حضرات، مقامی لوگوں اور میڈیا کے نمائیندوں سے بھی ملاقاتیں کی۔ سیاح حضرات نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے خوراک کا معیار یقینی بنانے کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا، تاجر برادری اور مقامی مشران نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مشن میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں کالام میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ٹیمز نے ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ورزی کرنے پر کئی ریسٹونٹس کو سیل کیا، جبکہ متعدد پر جرمانہ بھی کیا۔ کاروائی کے دوران کئی جنرل سٹورز سے بھاری مقدار میں ممنوع گوٹکہ برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے اس موقع پر فیلڈ ٹیمز کی کارکردگی کو سراہا تے ہوئے کہا کہ ٹورسٹ سیزن میں صوبے کے سیاحتی مقامات پر آنے والے سیاحوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گئے ہیں، اور مختلف مقامات پر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ عوام شکایات کی بروقت داد رسی کے لئے کال سنٹر 37432-0800 قائم کردیا گیا ہے، جس پر شہری شکایات درج کراسکتے ہیں۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق گلیات میں بھی مختلف ہوٹلز، ڈیری شاپس اور فاسٹ پوائنٹس کا دورہ کیا۔ کاروائی میں دودھ میں پانی کی ملاوٹ پر 150 لیٹر ناقص دودھ تلف کیا گیا۔