موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی‘ نعیم سخی تنولی
ایبٹ آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور حلقہ پی کے 32مانسہرہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی نعیم سخی تنولی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اپنے تین سالہ دور حکمرانی میں عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ا س میں اضافے کا باعث بنی ہے ان خیالات کا اظہار اپنے حلقہ کے ایک مرکزی گاؤں متہال میں مختلف ترقیاتی سکیموں کے مکمل ہو نے پر افتتاحی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے اس سے قبل وہ متہال پہنچے تو مسلم لیگ (ن) متہال کے صدر خدا بخش اعوان، جنرل سیکرٹری عبدالقیوم تنولی اور دوسری سیاسی و سماجی شخصیات حاجی علی اکبر اعوان، منیر تنولی، صغیراحمد اعوان، گلزار تنولی، اختر تنولی، ریاست علی اعوان، حاجی منظور، محمد اکرم اعوان، خداداد خان ایڈوکیٹ، سابق کونسلر یونین کونسل بحالی حاجی ساران اعوان، محمد سجاد، علی داد عرف دادو، خالد تنولی،نیاز تنولی سمیت دوسرے لوگوں نے شاندار استقبال کیا۔ نعیم سخی تنولی نے اس موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک انتہائی گوناں گوں مسائل سے دوچار ہے اور جب بھی حکومت کی توجہ موجودہ ہوش ربا گرانی اور دوسرے مسائل کی طرف توجہ دلائی جاتی تو موجودہ حکومت کے وزراء اور مشیراس کا ذمہ دار سابق حکومتوں کو قرار دیتے ہیں لیکن اس موقعہ پر وہ اپنے تین سالہ دور کے حوالے سے کچھ نہیں کہتے انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام کی زندگی کو اجیرن کر کے رکھ دیا ہے اب وہ وقت دور نہیں جب ملک کے عوام اس سلیکٹڈ حکومت سے نجات حاصل کر لیں گے۔