ظالم بھاتی فورسز نے راہ چلتی کشمیری خاتون کو گاڑی تلے کچل ڈالا، دوسری گرفتار
سرینگر(نیوزایجنسیاں)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے ضلع کولگام کے علاقے یاری پورہ میں ایک خاتون کوجان بوجھ کر ٹکر مارکر شہید کردیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق 29سالہ خاتون روہی جان کوبھارتی فوج کی گاڑی نے ضلع کے علاقے کڈر میں ٹکر مارکر شدید زخمی کردیا، اسے نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا۔ مذکورہ خاتون کا تعلق ضلع شوپیان کے علاقے کھری براری سے ہے۔ دریں اثناء بھارتی پولیس نے شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے علاقے کریری سے ایک خاتون کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کی خبروں میں بتایاگیا ہے کہ خاتون کو بنگڈارہ کریری میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروئی کے دوران گرفتارکیا گیا۔خاتون کا تعلق ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن سے بتایاگیا ہے۔ادھر بھارتی فوج کے ہاتھوں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کئے جانے کے واقعہ پر کشمیری عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور نوجوا نوں کی شہادت کیخلاف شدید احتجاج کیا جس کے باعث بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی دیکھنے میں آئیں۔ واضح رہے برہانی وانی شہید کی برسی کے موقع پر قابض افواج کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا، اس آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید افراد کی تعداد 9تک پہنچ گئی ہے۔
کشمیری خاتون