پیپلز پارٹی حکومتی بیانات نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے: مرتضی وہا ب
کراچی (این این آئی) سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اتوار کو شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں، صفائی ستھرائی اور نالوں کی صفائی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر احکامات بھی جاری کئے، بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے شہریوں کے تعاون سے کراچی کی رونقیں بحال کریں گے شہر کے پارکس کو مکمل بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے اتوار کی صبح کلفٹن کے پارک باغِ رستم پہنچ کر کے ایم سی حکام کو پارک کی تزئین و آرائش کے احکامات جاری کئے، ڈی جی پارکس طحہ سلیم اور کے ایم سی حکام نے باغ کی تزئین و آرائش، از سر نو بحالی پر بریفنگ دی۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک کی تزئین و آرائش اور بحالی پر کام شروع ہوچکا ہے۔کے ایم سی کے پارکس ڈیپارٹمنٹ نے ملبے کو صاف کرنا شروع کردیا ہے۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پارک میں مزید پودے اور درخت لگا کر پارک کو مکمل بحال کرکے عوام کیلئے کھول دیا جائے،سندھ حکومت شہر کے تمام پارکس کو بحال کرے گی شہری اپنے پارکس کو صاف ستھرا رکھیں پارکس میں گندگی پھیلانے سے گریز کیا جائے،شہریوں کے تعاون سے کراچی سمیت سندھ بھر کو سرسبز و شاداب بنائیں گے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے وعدہ کیا تھا وہ وعدہ وفا ہونے کو ہے آج میں نے خود آکر یہاں دیکھا کہ ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہیں۔
مرتضٰی وہاب