جاپانی بحریہ کے جہاز کا کراچی کا دورہ،پاک نیوی کے ساتھ بحری مشقیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے جہاز یوگیری نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاپانی بحریہ کے جہاز کے پرتپاک استقبال کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرجاپان کے دفاعی اتاشی کے ہمراہ پاک بحریہ کے سینئر افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔پاکستان نیوی اور جاپانی بحریہ کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں بحری افواج خطے میں محفوظ سمندری ماحول کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کر رہی ہیں۔ دونوں افواج کے بحری جہاز میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں اور مختلف مواقع پر بحری مشقیں بھی کرچکے ہیں۔ جاپانی بحری جہاز نے رواں سال فروری میں پاکستانی پانی میں منعقدہ مشق امن 21 میں بھی حصہ لیا تھا۔بندرگاہ کا دورہ مکمل ہونے پر پاک بحریہ اور جاپانی بحریہ کے جہازوں کے مابین سمندری مشقیں کی گئیں جس میں متعدد نیول آپریشنز شامل تھے۔ اس مشق کا مقصد باہمی آپریشنز کی استعداد بڑھانا اور بحر ہند کے خطے میں سمندری تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی کوششوں میں کردارادا کرنا تھا۔جاپانی بحری جہاز یوگیری کے ساتھ مشق علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے اور اس سے دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔