ہزارے وال اوور سیز پاکستانیز فورم کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس

دبئی ( طاہر منیر طاہر) خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ہزارے وال برادری کی تنظیم کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس دبئی میں تنظیم کے چئیرمین لالہ بنارس خان تنولی اور مرکزی صدر راجہ ابوبکر آفندی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تمام مرکزی عہدیداران سمیت دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے احباب نے شرکت کی ۔ اجلاس میں متحدہ عرب امارات کی حکومت اور قابل احترام حکمرانوں اور شیوخ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں بلا تفریق امارات میں بسنے والے ہر شہری کو ویکسین لگانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔
واضح رہے کہ کورونا کی وباء شروع ہونے کے بعد تنظیم کا یہ پہلا اجلاس تھا اجلاس میں کورونا کی وباء کے دوران تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اظہار اطمینان کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی اور سلامتی کے لئے دعائیں مانگی گئیں تنظیم کی جانب سے متحدہ عرب امارات کو عالمی اداروں کی جانب سے دنيا کا دوسرا محفوظ ترین ملک قرار دینے پر مبارکباد پیش کی گئی۔
اجلاس کے دوران اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں پھلدار درختوں اور پہاڑوں پر لگے صدیوں پرانے درختوں کو کاٹ کاٹ ہاوسنگ سوسائیٹیاں بنانے والوں کو روکنے والا کوئی نہیں ایبٹ آباد میں بارش کے بعد سیلابی کیفیت بھی قدرتی بارانی آبی گزرگاہوں پر قبضے کر کے تعمیرات کی گئیں جن کی وجہ سے پہاڑوں سے آنے والے پانی کے ریلے شہر بھر میں تباہی مچاتے جاتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم ہر پاکستانی اور ہزارے وال متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا وطن سمجھتا ہے جہاں محنت سے کما کر اپنے خاندان کی کفالت کی جاتی ہے اور وطن عزیز کو زرمبادلہ ملتا ہے۔
اس موقع پر مرکزی مجلس عاملہ نے تنظیم کے روز اول کے ساتھی محمد سہیل اعوان کو ان کی تنظیم کے ساتھ دیرینہ وابستگی اور کارکردگی کی بنیاد پر ابوظہبی کے لیے وائس چیئر مین نامزد کر دیا ۔ اجلاس میں مرکزی جنرل سیکریٹری اظہر اقبال، سئینر نائب صدر یاسر خان تنولی، صدر دبئی یونٹ سید صداقت حسین شاہ،چئیرمین و صدر عجمان یونٹ غلام صدیق اعوان، سرفراز خان،سہیل اعوان، راجہ کامران،یاسر صدیق،شمریز خان،نزیر خان،سلیم خان، شفیق تنولی،شکیل خان تنولی،تنویر احمد سمیت دیگر احباب نے شرکت کی۔