مریم نواز میں یہ خواہش تڑپ رہی ہے لیکن ہم قانون کے مطابق اقدامات کریں گے، وزیرداخلہ شیخ رشید نے اعلان کردیا

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز میں کب سے دھرنے دینے اور احتجاج کرنے کی خواہش تڑپ رہی ہے ، ہم قانون کے مطابق اقدامات کریں گے ،ٹی ایل پی کے مستقبل کیلئے سمری کابینہ کو بھجوا دی ہے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مریم اور بلاول جیسے لوگ کئی سالوں کے بعد آزاد کشمیر جیسی جگہوں پر صرف الیکشن کے ایام میں جاتے ہیں ، مریم نواز میں دھرنے دینے کی خواہش کافی عرصہ سے مچل رہی ہے ، آپ دھرنا دیں ہم قانون کے مطابق اقدامات کریں گے ۔ اگر آزاد کشمیر کے الیکشن کمشنر نے فوج کی درخواست کی تو شفاف انتخابات کیلئے فوج فراہم کریں گے ۔
پارلیمنٹ کے سامنے سے گرفتار مشکوک شخص سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ اس شخص کی پستول میں گولیاں نہیں تھی ، پستول خالی تھی ، معاملے کی مزید تحقیقات ہو رہی ہیں ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے پاس شہباز شریف سمیت کسی کی بھی ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست نہیں آئی ،وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم نے 70 افغانیوں کو صرف علاج کرانے کیلئے پاکستان آنے کی اجازت دی ہے ۔ افغانستان کے معاملات سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میں ملک کے اندرونی معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہوں اور صرف اندرونی معاملات پر بات کر سکتا ہوں ، خارجہ معاملات پر وزارت خارجہ ہی بتا سکتی ہے ۔
آزاد کشمیر میں الیکشن کون جیتے گا سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم اور بلاول آزاد کشمیر میں ہارنے جا رہے ہیں ، آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف حکومت بنائے گی ۔