بہاول پور ضلع کی 62دیہی غریب خصوصی خواتین کو مویشیوں کی مفت فراہمی

بہاول پور ضلع کی 62دیہی غریب خصوصی خواتین کو مویشیوں کی مفت فراہمی

لاہور( خبرنگار)حکومت پنجاب کی جانب سے بہاول پور ضلع کی 62دیہی غریب خصوصی خواتین میں دودھ دینے والی (دودھیل) گائے اور بھینس مفت فراہم کی گئیں۔ اس سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمدقریشی، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو اسٹاک سردار عاشق حسین ڈوگر، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر منصور احمد ملک، ڈاکٹر رب نواز کوثر، ڈائریکٹر زرعی تحقیقاتی ادارہ(ایرڈ زون) ملک محمد یوسف،جہانگیر کھگہ، ڈاکٹر علی رضا عباسی، ڈاکٹر محمد ارشد، جاوید جوئیہ ایڈووکیٹ، ملک ظفر اور میاں صادق پنواں موجود تھے۔ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ غریب اورمعذور خواتین معاشرہ پر بوجھ نہ بنیں بلکہ وہ باعزت روزگار حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب اور صوبائی محکمہ لائیو سٹاک کے باہمی اشتراک سے دیہات میں رہنے والی غریب وسپیشل خواتین کو دودھ دینے والی گائے، بھینس اور ان کے بچے بذریعہ قرعہ اندازی مفت دیئے گئے ہیں تاکہ وہ دودھ بیچ کر روزگار کما سکیں۔انہوں نے کہا کہ دیئے جانے والی گائے اور بھینس اعلیٰ نسل کی ہیں۔ان کی حفاظت اور نگہداشت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ علاج معالجہ اور ضروری معلومات کی فراہمی کے لئے محکمہ لائیو سٹاک کے ڈاکٹرز اور عملہ مفت خدمات فراہم کریں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاشق حسین ڈوگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دیہی سپیشل خواتین کو مفت دیئے جانے والی گائے اور بھینس کی محکمہ کی جانب سے باقاعدہ انشورنس کرا لی گئی ہے ۔جانور مر جانے کی صورت میں محکمہ کو مطلع کیا جائے تاکہ اسی طرح کا جانور دوبارہ مفت دیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ جانور چوری ہونے کی صورت میں متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرا کے محکمہ کومطلع کیا جائے۔محکمہ لائیو سٹاک جلد دوسرا جانور فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک تیس دن تک روزانہ گھر جا کر جانوروں کا معائنہ کریں گے اور ادویات مفت دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل دیہی خواتین اس اہم سکیم سے اپنے خاندان کی بہتر انداز میں کفالت کر سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کی دیکھ بھال کی جائے اور بہتر خوراک دی جائے تاکہ دودھ کی مقدار میں اضافہ ہونے سے کاروبار ترقی کر سکے۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر رب نواز کوثر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا خصوصی افراد کی بہبود کا یہ عظیم منصوبہ ہے جس کے تحت بہاول پور تحصیل کی 15، احمد پور شرقیہ کی 18، یزمان کی 12 حاصل پور تحصیل کی 11 اور خیر پور ٹامیوالی کی 6خصوصی دیہی خواتین شامل ہیں جنہیں دودھ دینے والی گائے اور بھینس دی جارہی ہیں۔تقریب سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ملتان ڈاکٹر منصور احمد ملک اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ارشد نے بھی خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1