پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر حملوں کا ماسٹرمائنڈ ہلاک، 7 گرفتار

پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر حملوں کا ماسٹرمائنڈ ہلاک، 7 گرفتار

تہران(آئی این پی )ایرانی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے تہران حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہلاک کر نے ور ان حملوں میں ملوث ہونے کے شبے میں 7 دیگر افراد کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر فائرنگ اور خودکش دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ اور اہم کمانڈر ایرانی سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیاجس کی تصدیق ایرانی انٹیلی جنس منسٹر محمود علوی نے بھی کردی۔ انکا کہنا تھاکہ گزشتہ ماہ انٹیلی جنس منسٹری نے تقریبا روزانہ ہی دہشتگردوں کی ایک ٹیم کی شناخت کرکے ختم کی لیکن اسے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے عام نہیں کیاگیا۔ایک عدالتی افسرنے بتایاکہ ان حملوں میں ملوث دہشتگردوں کی معاونت کرنیوالے سات دیگر افراد کوتہران سے 50کلومیٹردور فردیس کے علاقے سے حراست میں بھی لے لیاگیا۔

جبکہ اس سے قبل جمعہ کو بھی حکام نے 41مشتبہ افراد کو حراست میں لیے جانے کا اعلان کیاتھا۔ واضح رہے کہ بدھ کو ہونے والے ایرانی پارلیمنٹ اور امام خمینی کے مزار پر حملوں میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے،حملوں میں خاتون سمیت دو حملہ آوروں نے خود کو اڑا لیا تھا حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔

مزید : عالمی منظر