یمن‘ ملیشیاؤں نے خواتین اور بچوں سمیت 1500 افراد اغواکرلیے

یمن‘ ملیشیاؤں نے خواتین اور بچوں سمیت 1500 افراد اغواکرلیے

صنعاء (آئی این پی )یمن میں انسانی حقوق کی صورت حال سے متعلق ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے مئی تک حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاں کے ہاتھوں یمن کے کئی صوبوں میں 1500 افراد اغوا ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اغوا ہونے والوں میں انسانی حقوق کے کارکنان ، سیاسی کارکنان ، بچے ، خواتین اور مزدور شامل ہیں۔ ان میں متعدد افراد کو قید خانوں میں ملیشیاں کی جانب سے مختلف نوعیت کے تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملیشیاں نے 5 ماہ کے دوران تقریبا 1500 افراد کو اغوا کیا۔ ان میں 318 کارکنان ، 170 سیاسی شخصیات ، 698 مزدور ، 42 بچے اور 33 خواتین بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملیشیاں کی جیلوں میں 28 شہریوں اور کارکنان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔تشدد کے طریقوں میں کرنٹ کے جھٹکے دینا ، لوہے کی تاروں اور ڈنڈوں سے مارنا اور دیگر وحشیانہ اسلوب شامل ہیں۔بعض دیگر رپورٹوں کے مطابق 2017 کے پہلے چھ ماہ کے دوران مسلح ملیشیاں کے ہاتھوں 440 شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مزید : عالمی منظر