گڈ ز ٹرانسپورٹ پابند یوں سے آزاد ، 24گھنٹے سڑکوں پر ، تجارتی علاقوں میں شدید ٹریفک جام
لاہور ( خبرنگار) شہر کے مختلف علاقوں میں سحری اور افطار کے دوران بد ترین ٹریفک جام ہونے لگا۔گڈز ٹرانسپورٹ بکنگ ایجنسیوں کی جانب سے سڑ ک پر سامان لوڈ کرنا معمول بن چکا ہے جس کے باعث سڑکوں پرشہر یوں کو شدید پر یشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ٹریفک وارڈنز بھی اہم مقامات سے غائب ہو گئے ،تجاوزات کی بھر مار کے باعث ٹریفک وارڈن ان کے خلاف کارروائی کرنے سے کترانے لگے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ تجاوزات مافیا اور ٹرانسورٹ مافیا اس قدر طاقتور ہے کہ ٹریفک حکام ان کے خلاف کارروائی کرنے سے کتراتے ہیں اور اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹ کرتے ہیں۔ شہر کے مختلف تجارتی علاقے جن میں شاہ عالم چوک ،گوالمنڈی ،راوی روڈ ،مغلپورہ سمیت کئی علاقوں میں افطاری کے اوقات میں بد ترین ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ۔شاہ عالم چوک، بانساں والے بازار میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ بکنگ ایجنسیوں کی جانب سے سڑ ک پر سامان لوڈ کرنا معمول بن چکا ہے ۔ مقامی افراد کی جانب سے ٹریفک حکام کوشکایات بھی کی گئیں ہیں مگر ٹریفک پولیس کاروائیوں کے بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے میو ہسپتال جانے والے راستوں پر ایمولنسز اور آنے جانیوالی گاڑیون کو گھنٹو ں انتظار کر نا معمول بن چکا ہے۔ اسی طرح گرین ٹاؤن بازار میں بد ترین ٹریفک جام کی وجہ سے شہر ی ذہنی اذیت کا شکار ہیں ۔ ٹریفک حکام کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف سخت کاروائیوں کے احکامات کے باوجود ٹریفک وارڈنز کاروائیوں کی بجائے سب اچھا کی رپورٹ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بنتا جا رہا ہے جبکہ کئی اہم مقامات سے ٹریفک وارڈنز غائب رہنے لگے ہیں ۔