بلین ٹری منصوبے میں کرپشن ، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن اسمبلی قربان علی صوبے میں مبینہ کرپشن پر اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔پی ٹی آئی ایم پی اے نوشہرہ میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور ناانصافیوں پر خیبرپختونخوا اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔اسمبلی اجلاس سے خطاب کے دوران قربان علی نے احتساب بیورو اور دیگر اداروں سے وزیراعلیٰ کے شہر نوشہرہ میں ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ان کا مزید کہناتھاکہ نوازشریف کو صادق اور امین نہیں کہا جاسکتا ،لیکن آپ کا اپنے بارے میں کیا خیال ہے،ہم اپنے گریبان میں نہیں جھانکتے،میں ناانصافیوں پر خاموش نہیں رہ سکتا۔قربان علی نے کہا کہ سچ بولنے کی بڑی سزا ملی،ضمیرخاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا، صوبے میں بلین ٹری منصوبے میں کرپشن جاری ہے جبکہ بینک آف خیبر رپورٹ سامنے نہیں لائی جارہی ہے۔