سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ سٹمپنگ کا عمل بد ستور معطل ، زائرین پریشان

سعودی سفارتخانے میں عمرہ ویزہ سٹمپنگ کا عمل بد ستور معطل ، زائرین پریشان

اسلا م آباد(اے این این) پاکستان میں سعودی سفارتخانے نے عمرہ ویزہ سٹمپنگ تاحال شروع نہ ہوسکی ، عمرہ کے خواہشمند ہزاروں زائرین پریشان ،ایڈوانس ٹکٹنگ کی مد میں زائرین اور ایجنٹوں کو کروڑوں روپے کا نقصان ہونے کاخدشہ ، حکومت پاکستان سے معاملہ فوری طورپر سعودی حکام کیساتھ اٹھانے کا مطالبہ کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سعودی سفارتخانے نے جمعہ کے روز اچانک عمرہ ویزوں کی سٹمپنگ تاحکم ثانی غیرمعینہ مدت کیلئے بند کردی اس سلسلے میں عمرہ زائرین کے پاسپورٹ سعودی سفارتخانے لے جانے پرہدایت کی گئی کہ وہ کوئی پاسپورٹ ایمبیسی نہ بھیجیں جبکہ آج سے شروع ہونیوالے ہفتے کے دوران بھی پاسپورٹوں کی وصولی کے حوالے سے کوئی عندیہ نہیں دیاگیا جس کے باعث نہ صرف عمرہ زائرین شدیدتشویش میں مبتلا ہیں بلکہ عمرہ کے خواہش مندوں اور عمرہ آپریٹرز کے درمیان لڑائی جھگڑے بھی شروع ہوگئے ہیں ۔ عمرہ زائرین کا کہنا ہے رمضان گزرجانے کے باوجود ان کے ویزے تاحال ایمبیسی کی جانب سے نہیں لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی جانب سے بک کرائی ایڈوانس ٹکٹیں ضائع ہورہی ہے اور کروڑوں کا نقصان ہورہا ہے ۔ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم ، وزیر مذہبی امور ، وزارت خارجہ کے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور معاملہ سعودی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے تاکہ عمرہ زائرین کے پاسپورٹوں پر سٹمپنگ کا عمل بحال ہو سکے۔ یہ امربھی قابل ذکرہے اس سے پہلے سعودی حکام کی جانب سے ویزا اسٹیکر کی کمی کا جواز پیش کیا جاتا رہا تاہم اسلام آباد سفاتخانے میں ویزا اسٹیکر کے پہنچ جانے کے باوجود صورتحال نارمل نہیں ہوسکی ، عمرہ آپریٹرز اور ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے اگر سعودی سفارتخانے نے ویزہ اسٹمپنگ نہیں کرنی تو سعودی وزارت حج کی جانب سے عمرہ ویزوں کا مسلسل اجرا کیوں کیا جارہا ہے ۔

ویزہ سٹمپنگ معطل

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر