سعودی قطر کشیدگی، قطری باشندوں کی مسجدالحرام میں داخلے پر پابندی کی حقیقت سامنے آگئی، واضح اعلان ہوگیا
ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی عرب میں حرمین شریفین کے نگراں ادارے نے متعلقہ محکموں کو قطر سمیت دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی تاکید کرتے ہوئے قطری زائرین کی مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی کی تردید کر دی ۔
”العربیہ “کے مطابق حرمین شریفین کے امور کے نگراں ادارے نے قطری معتمرین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر سمیت کسی بھی ملک سے آنے والے معتمرین کو عمرہ کے مناسک کی ادائی کی ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ قطری باشندوں کے مسجد حرام میں داخلے پر پابندی کی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قطری بھائیوں کی سعودی قوم میں گہری قدر ومنزلت ہے۔ نو رمضان المبارک کے بعد اب تک قطرکے 1633 شہری عمرہ کے مناسک ادا کرنے کے بعد بہ خیریت واپس ہوئے ہیں۔” قطری شہری اطمینان کے ساتھ عمرہ کے مناسک ادا کریں“۔ دیگر عازمین عمرہ کی طرح انہیں بھی تمام ممکنہ سہولیات اور سروسز فراہم کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پرآنے والی افواہوں میں بتایا گیا تھا کہ قطر کے ساتھ سفارتی بحران کے بعد سعودی حکومت نے قطری شہریوں کے عمرہ کی ادائیگی پر پابندی عاید کردی ہے۔
مزید خبریں :میچ سے قبل سری لنکن ٹیم کے کپتان کیساتھ ایسا کام ہو گیا کہ پاکستان کی جیت یقینی ہو گئی