نواز شریف سمیت 19سیاستدان آج طلب

نواز شریف سمیت 19سیاستدان آج طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) اصغر خان کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنماء رحمن ملک، امتیاز شیخ اور یونس حبیب نے ایف آئی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز رحمن ملک، یونس حبیب، امتیاز شیخ، ایڈوکیٹ یوسف میمن، جام معشوق اور جام حیدر آفاق کو پیر کو پیشی کیلئے نوٹس جاری کیا تھاجس پر ایڈووکیٹ یوسف میمن، جام معشوق اور جام حیدر آفاق احمد ایف آئی اے کے روبرو پیش ہو ئے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ رحمن ملک نے ایف آئی اے حکام کو فون پر جواب دیا کہ میڈیا سے بچ رہا ہوں اس لئے اس کیس میں حاضر نہیں ہو سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا کہ ایف آئی اے نے مجھے طلب نہیں کیا تھا بلکہ رہنمائی کیلئے خط لکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ جس وقت اصغرخان کیس پیش آیا تو اس وقت میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے تھا، قانون کی روشنی میں ایف آئی اے کی رہنمائی کو تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کا خط تاخیر سے ملا، طبیعت ناساز ہے اس لئے نہ جا سکا۔یونس حبیب نے ایف آئی اے کو اپنے تحریری جواب میں کہا کہ میں طبیعت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکتا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز شیخ نے بھی اصغر خان کیس میں ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا ہے۔علاوہ ازیں اصغر خان کیس میں سابق وفاقی وزیر عابدہ حسین نے بھی اسد درانی سے پیسے لینے کی تر دید کر دی۔ عابد حسین کا کہنا ہے کہ 90ء میں پیسے لینے کا الزام غلط ہے۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اسد درانی کا بیان حلفی درست نہیں، میں نے کسی سے کوئی رقم وصول نہیں کی۔دوسری طرف سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں2سابق وزرائے اعظم نوازشریف اورظفراللہ جمالی سمیت 19سیاستدانوں کونوٹسزجاری کرتے ہوئے آج طلب کرلیا۔عدالت نے ایف آئی اے کو تمام افرادکے آج شام تک بیانات قلمبندکرانیکی ہدایت بھی کر دی۔تفصیلات کے مطابق اصغرخان کیس کی سماعت سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوئی۔عدالت نے 2سابق وزرائے اعظم سمیت 19سیاستدانوں کونوٹسزجاری کر دیئے۔سابق وزرائے اعظم میں نوازشریف اور ظفراللہ جمالی شامل ہیں جبکہ دیگر سیا ستدانوں میں عابدہ حسین،بانی متحدہ،جاوید ہاشمی، سرورخان کاکڑ،حاصل بزنجو،ندیم مینگل،مظفرحسین شاہ، غلام نظامانی،ارباب غلام رحیم،لیاقت جتوئی،امتیازشیخ ،جام معشوق،جام حیدر،ہمایوں مری،دوست محمدفیضی اورالطاف حسین قریشی کے نام شامل ہیں۔عدالت نے ایف آئی اے کو تمام افرادکے آج شام تک بیانات قلمبندکرانیکی ہدایت بھی دے دی جبکہ اصغرخان کیس کی سماعت منگل کوسپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں ہوگی۔