حکومت بجٹ منظور کرانے کیلئے نجانے کتنی گرفتاریاں کریگی،اعجاز ہاشمی

  حکومت بجٹ منظور کرانے کیلئے نجانے کتنی گرفتاریاں کریگی،اعجاز ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیراعجاز احمد ہاشمی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتہ نہیں بجٹ منظور کروانے کے لیے موجود ہ نا اہل حکومت حزب اختلاف کے مزید کتنے لوگوں کو گرفتار کروائے گی۔


کسی حکومتی پارٹی کے مطلوب رہنما کی طرف نیب کی کوئی توجہ ہے اور نہ ہی دلچسپی۔ صرف اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں اورانہیں جیلوں میں ڈالا جا رہا اور کارکنوں پر تشدد کیا جارہا ہے۔ مارشل لا کا سا ماحول بن چکا ہے۔ جس سے سیاسی قیادت کو پارلیمنٹ اور سیاسی عمل سے باہر رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، جس سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں۔ خلیفہ چہارم امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ حکومت کفر سے قائم رہ سکتی ہے، لیکن ظلم سے نہیں۔ میڈیا سیل کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت امپائر کے سہارے چل رہی ہے۔امپائر کے اشارے اور سہارے کے بغیر تو نیازی حکومت ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔ان کا کہنا تھاکہ عمران نیازی کی حکومت ایک دن بھی امپائر کے بغیر نہیں گزار سکتی۔ امپائر کے اشارے پر ہی اپوزیشن رہنماوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، تاکہ حکومت وقت کی کرپشن کا احساس ہی نہ ہو۔ اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے دورحکومت کے دوران بھی مقدمات بنائے گئے، مگر ان میں سے کچھ نہیں نکلا اور ملزمان کو بری کردیا گیا۔ اب توعدلیہ کے خلاف بھی مہم شروع ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران نیازی کی حالت بہت ہی قابل رحم ہے جو امپائر کی پالیسیوں کے ساتھ چل رہے ہیں، ان کی اپنی کوئی سوچ ہے اور نہ ہی عمل وہ امپائر کے اشارے پر ہی ملک چلا رہے ہیں جو کہ جمہوریت اور عوام کی توہین ہے۔ایسی بے بس حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی جس سے بار بار یوٹرن لینے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔ حکومت کی اپنی کوئی سوچ نہیں ہے۔