بجٹ مایوس کن،عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا،عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا

  بجٹ مایوس کن،عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا،عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(افضل افتخار) بجٹ انتہائی مایوس کن ہے، عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں دیا گیا یہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کی طرح مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے غریبوں کی کسی کو پرواہ نہیں ہے، عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔ روزنامہ پاکستان کی طرف سے وفاقی بجٹ پر عوامی سروے میں شہری پھٹ پڑے۔ حاجی عبدالخالق، حاجی رفیق، محمد عرفان، محمد عمران، محمد علی، جوزف،عادل بشیر،عامر نعیم،حامد خان،ذاکر حسین،حسنین،فیہم اور دلاور نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی پہلے ہی بہت زیادہ ہے اور اب رہی سہی کسر اس بجٹ نے پوری کردی ہے ہمیں امید تھی کہ یہ بجٹ عوام کے لئے اچھا ثابت ہوگا اور اس میں عوام کو بھرپور ریلیف دیا جائے گا وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ اس  پر پورا نہیں اترے اور اسو قت عوام شدید مشکلات کاشکار ہیں ان کی پریشانیوں کا ازالہ کرنے کی ضرورت ہے۔ غریب لوگ مزید غریب ہورہے ہیں اب اس بجٹ میں بہت بھاری ٹیکس عائد کردیا گیا ہے اور ٹیکس بنیادی چیزوں پر عائد کیا گیا ہے جس کے بغیر عوام کا گزارہ ہی نہیں ہے۔  ہم وزیر اعظم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غریبوں کا خیال کریں اورعوام اس بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔  شاہین،بابر،رانا عزیر،شاکر،سرفراز اور بابر نے کہا کہ پاکستان میں اب تک کسی بھی حکومت نے عوام کو ریلیف نہیں دیا ہے عوام کو اس حکومت سے بہت امیدیں تھیں مگر ان پر بھی پانی پھیر دیا گیا ہے۔ ہر حکومت صرف اور صرف اور اپنے بارے میں سوچتی ہے اور اب تک کسی نے بھی عوام کوریلیف نہیں دینا ہے بجٹ میں ہر چیز ہی مہنگی کردی گئی ہے اور اب تو مہنگائی پہلے ہی بہت تھی اب اس بجٹ کے بعد تو غریبوں کا جینا مزید مشکل ہوجائے گا اس حکومت سے عوام نے جو امیدیں وابستہ کیں تھیں وہ اس پر پورا نہیں اترسکی اور صرف اور صرف بلند وبانگ دعوے ہی کئے گئے اس کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا تھا ہم اس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور بجٹ کو مسترد کرتے ہیں ملک میں اب مہنگائی کا ایسا سیلاب آئے گا کہ غریب اس میں بہہ جائیں گے۔ زاہد،عقیل، انعام،شرجیل، شکیب، ثاقب اور ٹیپو نے بھی بجٹ کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف نہیں ملا ہے اور جس طرح سے مہنگائی مزید کردی گئی ہے اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔بجٹ میں امید تھی کہ ریلیف دیا جائے گا مگر بہت زیادہ مہنگائی کردی گئی ہے اب اس حکومت سے ہمیں کوئی امید نہیں ہے جس طرح سے اس نے عوام  سے وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے میں مکمل طور پر  یہ حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے اور اسی لئے اب عوام کا اس حکومت پر سے بھی اعتماد اٹھ گیا ہے۔
بجٹ سروے

مزید :

صفحہ آخر -