آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن مستحق اور سفید پوش لوگوں کی مدد کررہی ہے‘اداکارہ بندیا

آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن مستحق اور سفید پوش لوگوں کی مدد کررہی ہے‘اداکارہ ...

  

لاہور (فلم رپورٹر)سینئر اداکارہ و گلوکارہ بندیا نے کہا ہے کہ آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن مستحق اور سفید پوش لوگوں کی مدد کررہی ہے اور میں بطور شریک چیئرپرسن اس نیک عمل میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے امریکہ سے ٹیلیفون پر ”این این آئی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن ایک ایسی فلاحی تنظیم ہے جو مستحق فنکاروں کی مدد کرنے کے ساتھ سفید پوش لوگوں کی بھی مدد کرتی ہے اس کے لئے تمام فنکار ملکر کام کرتے ہیں۔ ہماری ایسوسی ایشن کا زیادہ تر انحصار زکوۃ پر ہوتا ہے، میری اپنی پاکستانی اور اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی زکوۃ ہماری تنظیم کو دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم نے ابھی تک بے شمار فلاحی پراجیکٹس پر کام کیا ہے جن میں خاص طور پر سندھ کے ایسے علاقے شامل ہیں جہاں پینے کا صاف پانی نہیں تھا وہاں نئے کنویں کھدوا کر لوگوں کو پانی کی سہولت فراہم کی گئی، جو لوگ گرمی سے بچنے کے لئے پنکھا تک نہیں خرید سکتے تھے انہیں پنکھے بھی خرید کر دیئے گئے۔ بندیا نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فیصل ندیم اور صدر گلوکار حسن جہانگیر پاکستان میں بے پناہ کام کررہے ہیں اور میں امریکہ میں رہ کر جو بھی خدمات ہیں وہ انجام دے رہی ہوں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور جو بھی صاحب حیثیت لوگ زکوۃ دینا چاہتے ہیں وہ ہماری ایسوسی ایشن کو دیں۔ پورے رمضان المبارک کے دوران ہماری ایسوسی ایشن سحری اور افطاری کے لئے دستر خوان کا بھی اہتمام کرتی ہے جس سے سینکڑوں لوگ مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیکی کے کام میں ہمیں سب کو ملکر کام کرنا چاہیے، میری تمام فنکار برادرای سے اپیل ہے کہ وہ بھی اس پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو جائیں۔

مزید :

کلچر -