سوڈانی فریقوں میں مذاکرات کے لئے امریکہ کا ایلچی بھیجنے کا اعلان

   سوڈانی فریقوں میں مذاکرات کے لئے امریکہ کا ایلچی بھیجنے کا اعلان

واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ افریقی امور کے لیے وزیر خارجہ کے معاون ٹیبور نیگی رواں ہفتے خرطوم جائیں گے۔ ان کے دورے کا مقصد عبوری عسکری کونسل اور احتجاجی تحریک کی قیادت کے درمیان بات چیت کے دوبارہ آغاز کی دعوت دینا ہے۔ احتجاج کنندگان کا فوج سے مطالبہ ہے کہ اقتدار شہریوں کے حوالے کیا جائے۔ جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹیبور اپنے افریقا کے دورے کے ضمن میں سوڈان جائیں گے۔ امریکی نمائندے کا افریقا کا دورہ 12 جون سے 23 جون تک جاری رہے گا۔ٹیبور اپنے سوڈان کے دورے میں عسکری عبوری کونسل اور احتجاجی تحریک کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کے معاون ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں افریقی یونین کے ذمے داران کے ساتھ ملاقات میں سوڈان میں سیاسی حل کی سپورٹ کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت کریں گے۔ٹیبور جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی افریقی پالیسی کے حوالے سے خطاب کریں گے۔ 

مزید : عالمی منظر