عوام کے وسائل کا امین ہوں،منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی،عثمان بزدار

عوام کے وسائل کا امین ہوں،منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی،عثمان ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ صوبے کے عوام کے وسائل کا امین ہوں،کسی کو وسائل ضائع نہیں کرنے دوں گا،منصوبوں پر فنڈز کے درست اورشفاف استعمال کویقینی بنانے کے میکانزم کی نگرانی خود کروں گااورترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورفنڈزکے درست استعمال کویقینی بنانے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کی جا ئے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکموں کو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ترقیاتی منصوبوں سمیت ڈیر ہ غازی خان ڈویلپمنٹ پیکیج کی نگرانی کیلئے موثر میکانزم تشکیل دے دیاگیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کے میکانزم پر من وعن عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکمے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنائیں اورترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کا عمل ہر سطح پر جاری رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم،اینٹی کرپشن اورمتعلقہ محکمے منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کی بھی سخت نگرانی کریں۔ایک دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں کمرشل بینکوں کے ذریعے اراضی کی فرد ملکیت جاری کرنے کا نیا نظام شرو ع کیا جارہا ہے۔اس ضمن میں بینکوں میں فرد ملکیت کے اجراء کیلئے علیحدہ کاؤنٹرزقائم کیے جائیں گے اوراس اقدام سے فرد ملکیت کے حصول میں مزید آسانی ملے گی۔پنجاب حکومت نے آن لائن فرد ملکیت کے اجراء کا بھی فیصلہ کیااور یکم جولائی سے گھر بیٹھے آن لائن فردملکیت کے حصول کا سسٹم فعال ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کیلئے ہر لینڈ ریکارڈ سینٹرزمیں ریونیو واجبات جمع کرانے کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ سینٹرزکے دائرہ کار کو بڑھانے کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے اورسرکاری عمارتوں میں مستقبل بنیادوں پر لینڈ ریکارڈ سینٹرز قائم کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کو لیز پر دے کر کاشتکاری کے فروغ کا شفاف نظام لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریونیو سٹاف سے متعلق بدعنوانی کی شکایات قطعا قابل برداشت نہیں۔محکمہ مال سے متعلق امور میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہیلپ لائن /کال سینٹر کو مزیدفعال کیا جائے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے مالی سال2019-20ء کے وفاقی بجٹ کو عوامی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا، وفاقی حکومت کے عوام دوست اور غریب پرور بجٹ سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور آئندہ مالی سال کا بجٹ ملک کی معاشی ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پروزیراعظم عمران خان،وزیر مملکت ریونیوحماد اظہر اور ا ن کی ٹیم کو مبارکباد دی تے ہوئے کہا کہ بجٹ میں اعلان کردہ اقدامات سے ملک حقیقی معنوں میں اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا کیونکہ بجٹ میں امیروں پر بوجھ ڈالا گیا ہے اور عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں۔علاوہ ازیں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر ایک سماجی ومعاشی مسئلہ ہے جس کے پس پردہ کئی عوامل کارفرما ہیں۔ دنیا بھر کے مروجہ قوانین کے مطابق بچوں سے مشقت لینا مجرمانہ فعل ہے۔انہوں نے کہا کہ بچے پھولوں کی مانند ہو تے ہیں اوران کے حقوق کا تحفظ سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا مکمل خاتمہ ہمارا مشن ہے اور اس مشن کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

عثمان بزدار

مزید :

علاقائی -