صارفین کے حقوق کا خیال رکھنا مہذب معاشروں کا فرض،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹرجسٹس سردار محمد شمیم خان نے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں صارف عدالتوں کے ججوں کے لئے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا افتتاح کردیاہے۔ تربیتی ورکشاپ میں صوبہ بھر کے کنزیومر کورٹس ججز شرکت کررہے ہیں۔ افتتاحی سیشن میں رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ اور ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے حقوق کا خیال رکھنا مہذب معاشروں کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ صارف عدالتوں کے ججز مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے اقدامات کریں۔ جدید نوعیت کے کورسز کروانے پر پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ تربیتی ورکشاپ میں صارف عدالتوں کے ججز کو کنزیومر قوانین، حقوق اور صارف عدالتوں کے دائرہ اختیار و کردار سمیت دیگر موضوعات پر سیر حاصل تربیت فراہم کی جائے گی۔