حمزہ شہباز کی گرفتاری خود انکے اعمال کا نتیجہ،عمرسرفراز چیمہ
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمرسرفراز چیمہ نے حمزہ شہباز کی گرفتاری پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حمزہ شہباز کی گرفتاری خود انکے اعمال کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ روزایک بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہاکہ حمزہ شہباز کرپشن کے اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو انکے والد اور تایا نے زرداری صاحب سے ملکر بنایا۔ انہوں نے کہاکہ قوم جانتی ہے کہ پاکستان کو درپیش سنگین معاشی مشکلات میں وسائل کی لوٹ مار کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم چاہتی ہے کہ پاکستان کو اس دلدل میں دھکیلنے والے کرپٹ کرداروں کا سخت احتساب کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ چوری اور لوٹ مار کے شواہد اتنے ٹھوس ہیں کہ تگڑے ترین وکلاء کی ٹیمیں بھی ان لوگوں کو بچا نہیں پارہی۔انہوں نے کہاکہ دونوں خاندانوں نے آج تک اپنی صفائی میں ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی پیش نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ جان بوجھ کر معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکر حکومت اور اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلسل کہہ رہے ہیں کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا رستہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ جس نے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کئے ہیں اسے کٹہرے میں کھڑا ہونا ہوگا۔
عمرسرفراز چیمہ