سندھ کا بجٹ عوام اور مزدور دوست ہوگا، مرتضی بلوچ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے کہا ہے کہ 14 جون کو پیش ہونے والا سندھ کا مالیاتی بجٹ برائے سال 2019-20 عوام دوست اور مزدور دوست بجٹ ہوگا اور اس بجٹ میں مزدور طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جائے گا۔ یہ بات آج انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمن پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزدور طبقے کو زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں اور ان کے خاندانوں کو بہتر علاج، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں اور حکومت سندھ اس ہدایت کی روشنی میں عوام اور مزدور دوست بجٹ پیش کرے گی۔ صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضی بلوچ نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں ورکرز کے لئے رہائش کی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں