احتجاج اپوزیشن کا حق،ایڈونچر ازم پر قانون حرکت میں آئیگا، صمصام بخاری 

   احتجاج اپوزیشن کا حق،ایڈونچر ازم پر قانون حرکت میں آئیگا، صمصام بخاری 

  

لاہور،اوکاڑہ(بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام بخاری نے کہا ہے جمہوری احتجاج اپوزیشن کا حق،لیکن ایڈونچر ازم کیا گیا تو پولیس وہی کرے گی جو اسے کرنا چاہیے،قائد حزب پہلے کونسا اسمبلی کی کارروائی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، اگر وہ آئیں گے تو بجٹ پرتجاویز دینگے، نہیں تو انکی پارٹی تجاویز دے گی،پروڈکشن آڈر جاری کرنا سپیکر کا استحقا ق ہے،آصف زرداری کیخلاف مقدمات (ن) لیگ کے دور میں بنائے گئے، سزائیں بھی پی ٹی آئی نہیں بلکہ عدالت دے رہی ہے۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگومیں انکا مزید کہنا تھا اپوزیشن والے ایسا کام ہی نہ کرتے کہ انہیں کٹہرے میں آنا پڑتا،قانون سب کیلئے برابر ہے، پاپڑ اورریڑھی والوں کے نام پر اکاؤنٹس ہمارے تو نہیں ان کے ہیں۔ نیب ایک خود مختار اور غیر جانبدار ادارہ ہے،اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم نہ صرف اسے تسلیم کرینگے بلکہ اس پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائیں گے۔ بانی ایم کیو ایم کی گرفتا ر ی کے حوالے سے انکا کہنا تھا سکارٹ لینڈ یارڈ بغیر شواہد کے گرفتار نہیں کرتی اور ویسے بھی وہ برطانوی شہری ہیں، انہیں نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں گرفتا رکیا گیا ہے اور ان پر منی لانڈرنگ کے حوالے سے بھی الزامات ہیں۔ آصف زرداری جن کیسز میں گرفتا رہوئے وہ (ن) لیگ دور کے ہیں، دونوں جماعتوں کے کیسز پرانے ہیں،دو بار (ن) لیگ کی حکومت آئی اور دو بار آصف زرداری کو جیل میں ڈالا گیا، اگر اپوزیشن واقعی جمہوری روایات پر عمل کرتی ہے تو طریقہ یہ ہے عدالت میں پیش ہوں،بیگناہ ہیں تو عدالتوں میں جائیں لیکن حیلے بہانوں سے کام نہیں چلے گا۔ ہم پی ٹی آئی والے بھی کبھی غلط ہونگے تو وزیر اعظم ہمارے ساتھ بھی کھڑے نہیں ہونگے،ہم احتساب کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔قبل ازیں غلہ منڈی اوکاڑہ کے جنرل سیکرٹری ملک سلیم فوجی، رہنما تحریک انصاف ملک عدنان کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں صمصام بخاری کاکہنا تھا قومی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا ہو گا،کرپشن سے پاک پاکستان ہماری منزل،عوام نے لٹیروں کو مسترد کر دیا،سابق حکمرانوں کی جانب سے ملکی خزانے کے بے دریغ استعمال نے ہر شعبہ کو بری طرح متاثر کیا ہے، کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح، سا بق حکمران قوم کا اربوں روپیہ کھا گئے،وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کے خاتمہ کا تہیہ کئے ہوئے ہیں، وہ دن دور نہیں جب وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گا، سیاسی مخالفین ملک وقوم کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں اسوقت اپوزیشن کا کردار ہر حوالے سے تشویشناک ہے، اپوزیشن ہوس اقتدار میں تمام سیاسی و اخلاقی ضابطے پا مال کر رہی ہے حکومتی کامیابیاں سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کر رہی ہیں،2023ء الیکشن میں بھی تحریک انصاف اپنی کار کردگی کی بنا پر جیتے گی،دھرنے اور احتجاج سیاست کے علمبردار ماضی میں بھی نا کام ہوئے آئندہ بھی نا کامی ان کا مقدر ہے۔

صمصام بخاری 

مزید :

صفحہ اول -