اساتذہ کی تربیت اور انتخابات میں مزید بہتری کیلئے نظام کو فعال بنایا جائیگا:ضیاء اللہ بنگش

اساتذہ کی تربیت اور انتخابات میں مزید بہتری کیلئے نظام کو فعال بنایا ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ تعلیم کے معیار کی بہتری کیلئے اساتذہ کی تربیت، تدریسی کورس میں مزید بہتری اور امتحانات کے نظام کو مزید فعال بنایا جائیگا. انہوں نے کہا کہ ہم نے طلباء کو بہترین ماحول اور تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے منصوبہ بندی کررکھی ہے جس کے تحت قبائل اضلاع سمیت پورے صوبے کے تعلیمی نظام میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے.وہ کوالٹی ایجوکیشن کے حوالے سے ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے. سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان اور دوسرے ماہرین تعلیم بھی اس موقع پر موجود تھے. ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے شروع کردہ اور جاری منصوبوں بشمول کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کیلئے جلد مشاورتی گروپ بھی تشکیل دیاجائیگا. انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف کریکلم اینڈ ٹیچرز ایجوکیشن   (ڈی سی ٹی ای) نے کلاس اول سے لیکر دہم تک بہترین نصاب تعلیم بنایاہے  جو کہ موجودہ دور کے تقاضوں سے مکمل طور پرہم آھنگ ہے.  ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ تعلیمی نظام میں ہماری اصلاحات کی بدولت عوام کو روزگار کے حصول میں بھی آسانی ہوگی جس کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کو بھی بھرپور سپورٹ فراہم کی جائیگی. سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مشیرتعلیم نے کہاکہ اس بجٹ میں تمام سکولوں میں سہولیات کی فراہمی،اضافی کلاس رومز کی تعمیر اور سکولوں میں فرنیچر مہیا کرنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے. انہوں نے کہا کہ ہماری شبانہ روز محنت جاری ہے اور عوام محکمہ تعلیم میں بہت جلد بہت بڑی تبدیلی دیکھیں گے.

مزید :

پشاورصفحہ آخر -