اسلا م آبادہائیکورٹ،بلیو ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم سکندر کی سزا کیخلاف اپیل مسترد

اسلا م آبادہائیکورٹ،بلیو ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم سکندر کی سزا ...
اسلا م آبادہائیکورٹ،بلیو ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم سکندر کی سزا کیخلاف اپیل مسترد

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلیو ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے والے ملزم سکندر کی سزا کیخلاف اپیل پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ،عدالت نے ملزم کی سزا کیخلاف اپیل مسترد کردی اور حکم میں کہا ہے کہ چھ سال قبل بندوق کی نوک پر خوف پھیلانے والا سکندر سزا پوری کرے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ نے بلیو ایریا میں خوف و ہراس پھیلانے والے سکندر کی سزا کیخلاف اپیل پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، عدالت نے سکندر کی سزاکےخلاف اپیل پر فیصلہ 13 مارچ کومحفوظ کیا تھا،چیف جسٹس اطہرمن اللہ اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا، عدالت نے 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،فیصلے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پراسیکیوشن نے اپناکیس ثابت کیا،سکندرکی اپیل مسترد کی جاتی ہے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے سکندر کو کم سزا دینے کی وجہ بیان نہیں کی، وفاق نے سزا بڑھانے کےلئے اپیل بھی دائر نہیں کی،عدالت نے ریمارکس دیئے ہیں کہ چھ سال قبل بندوق کی نوک پرخوف پھیلانے والا سکندرسزا پوری کرے۔

واضح رہے کہ بلیوایریا میں 16 اگست 2013 کوواقعہ پیش آیا تھا،11مئی2017کوانسداد دہشتگردی عدالت نے ملزم سکندرکو16سال قیدکی سزاسنائی تھی، عدالت نے ملزم سکندر پر ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /اسلام آباد