عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہوئی تو۔۔۔سپریم کورٹ نے کاشتکاروں کو ادائیگی سے متعلق کیس میں شوگر ملزمالکان کو خبردارکردیا

عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہوئی تو۔۔۔سپریم کورٹ نے کاشتکاروں کو ادائیگی ...
عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہوئی تو۔۔۔سپریم کورٹ نے کاشتکاروں کو ادائیگی سے متعلق کیس میں شوگر ملزمالکان کو خبردارکردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے گنے کے کاشتکارو ں کو ادائیگی سے متعلق کیس میں شوگر ملز کو جمعہ تک چیک جمع کرانے کا حکم دیدیا،عدالت نے حکم دیا کہ برادرز،پتوکی اور دریا خان شوگر ملز ایک ماہ کے اندر بقایا جات کلیئر کریں،جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہونے پر سخت کارروائی ہوگی،چیک باؤنس ہوا یا نہ آیا تو اچھا نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں شوگر ملز کی جانب سے گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی،دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتا یا کہ برادرز شوگر مل کی کل واجب الادا رقم 678اعشاریہ9 ملین ہے،دریا خان شوگر مل کے ذمہ57 ملین بقایا جات ہیں جبکہ پتوکی شوگر مل کے ذمہ 591 ملین بقایا جات ہیں۔
عدالت نے کہا کہ شوگر ملز مالکان چیک جمعہ تک کین کمشنر کے حوالے کریں، کین کمشنر چیک متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے حوالے کریں گے، عدالت نے کہا کہ چیک متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے نام پر جاری کئے جائیں، جمعہ تک چیک نہ جمع ہوئے توہفتے کو ایڈووکیٹ جنرل آفس درخواست دائر کرے،جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ عدالت سے کی گئی کمٹمنٹ پوری نہ ہونے پر سخت کارروائی ہوگی،چیک باؤنس ہوا یا نہ آیا تو اچھا نہیں ہو گا۔