کیا وزیراعظم عمران خان کی تقریر سینسر کی گئی ؟ پاکستان حیران پریشان

کیا وزیراعظم عمران خان کی تقریر سینسر کی گئی ؟ پاکستان حیران پریشان
کیا وزیراعظم عمران خان کی تقریر سینسر کی گئی ؟ پاکستان حیران پریشان

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز اپنا پہلا بجٹ پیش کر دیاہے تاہم اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کیا جس کا پہلے دو مرتبہ وقت تبدیل کیا گیا پھر خطاب کی دو مرتبہ آواز غائب ہو گئی جس کے باعث سوشل میڈیا پر لمبی چوڑی بحث چھڑ گئی ہے اور کئی صارفین اسے سینسر قرار دے رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا ریکارڈ کیا گیا پیغام گزشتہ شب تقریبا 12 بجے کے قریب نشر کیا گیا جس میں انہوں نے پچھلی دونوں حکومتوں کی جانب سے لیے جانے والے غیر ملکی قرضوں کی تحقیقات کیلئے اپنی سربراہی میں اعلیٰ سطحی کمیشن بنانے کا اعلان کیا ۔عمران خان کا خطاب پی ٹی وی پر نشر کیا گیا تاہم سب سے پہلے اس کو نشر کرنے کا وقت سوا نوبجے بتایا گیا لیکن کچھ دیر بعد تبدیل کرتے ہوئے ساڑھے دس بجے نشر کرنے کا فیصلہ کیا گیا لیکن اس میں ایک مرتبہ پھر تبدیلی ہوئی اور یہ رات 12بجے کے قریب نشر ہوا ۔

وقت تبدیل ہونا تو ایک طرف تاہم جب یہ تقریر نشر کی گئی تو اس دوران دو مرتبہ آواز غائب ہو گئی ، ایک بار آواز غائب ہوئی تو خطاب دوبارہ شروع سے چلایا گیا تاہم اب اس پر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو گئی اور کئی قسم کے سوالات جنم لے رہے ہیں کہ ریکارڈنگ کس نے کی اور اس کا ذمہ دار کون ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریر میں آواز غائب ہونے کے معاملے پر ان کے بھانجے حسان نیازی بھی میدان میں آئے اور انہوں نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”پی ٹی وی کے ایم ڈی کو فارغ کر دینا چاہیے ، فردوس عاسق اعوان صاحبہ یہ کیا مسئلہ ہے ، آپ ایک تجربہ کار خاتون سمجھی جاتی ہیں ، نہایت ہی افسوسناک ہے ۔“

صحافی ارشد وحید چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر میں آواز غائب ہونے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ” وزیراعظم کا خطاب اور پھر آواز بند ،، وزیراعظم صاحب کی ’آواز‘ ککون بند کر رہاہے ، سینسر شپ ؟“

صحافی اور تجزیہ کار حبیب اکرم نے کہا کہ ” حالات اتنے خراب ہیں کہ پی ٹی وی وزیراعظم کی تقریر بھی ڈھنگ سے ریکارڈ اور نشر نہیں کر سکتا ۔“

نجم الحسن نامی ٹویٹر صارف نے عمران خان کی تقریر میں مسائل آنے پر اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر فواد چوہدری کی خدمات حاصل کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ” فواد چوہدری سائنس کے ذریعے ہی اب پی ٹی وی کو ٹھیک کر سکتے ہیں ۔“

عمران خان کی تقریر کی آواز غائب ہونے پر صحافی منصور علی خان نے کہا کہ ” نیا پاکستان بننے ہی والا تھا کہ آواز چلی گئی ۔“ جس پر محسن رضا نامی صارف میدان میں آئے اور کہا کہ ” وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو سینسر کرنا سنگین جرم ہے ۔“

زین رضا نامی صارف کا کہناتھا کہ ” عمران خان کی تقریب بھی سینسر ہو گئی ۔“

ثاقب دلشاد نامی صارف نے تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ ” ٹینشن اور جلدی میں ایسا ہی ہوتا ہے ۔“

مزید : قومی