لیسکو نے رمضان میں بجلی کی 100فیصد سپلائی کو یقینی بنایا،مجاہد پرویز

لیسکو نے رمضان میں بجلی کی 100فیصد سپلائی کو یقینی بنایا،مجاہد پرویز

  

لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ کہ گزشتہ دو سال کے دوران لیسکو کے ترسیلی نظام کی مضبوطی اور سسٹم کی اپ گریڈیشن سے متعلق بے شمار کام سرانجام دیئے گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال موسم گرما بالخصوص رمضان المبارک میں لیسکو نے اپنے صارفین تک معیاری اور بلاتعطل بجلی کی سپلائی کو 100فیصد یقینی بنایا ہے۔ بجلی کے ترسیلی نظام کی بہتری اور صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کا عزم لئے چیف انجینئر ڈویلپمنٹ بشیر احمد کے زیرنگرانی پی ڈی جی ایس سی رفعت محبوب عالم اور جی ایس سی سرکل کی ٹیم نے گزشتہ 6ماہ کے دوران لیسکو کے 132کے وی سسٹم میں 4نئے گرڈ اسٹیشنز کا اضافہ کیا۔ 20/26MVAکی استعداد کے حامل 4 پاور ٹرانسفارمر, 40MVA کی استعداد کار کا حامل ایک پاور ٹرانسفارمر, گیارہ کے وی کے 3کپیسٹراور 132kvکی 5 لائن بے بھی سسٹم میں شامل کی گئی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ 114.63کلومیٹر لمبی ڈی سی ٹرانسمیشن لائنز بھی بچھائی گئیں۔چیف انجینئر ڈویلپمنٹ بشیر احمد کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری کرونا وباء کے دوران بھی سسٹم کی بہتری کے کام ایس او پیز کے مطابق جاری رہے جس پر لیسکو انتظامیہ تمام فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتی ہے۔ دوسری جانب پی ڈی کنسٹرکشن عبدالمنان منگی کے مطابق گزشتہ6ماہ کے دوران 27نئے فیڈرز کا اضافہ کیا گیا جبکہ 268ایل ٹی پروپوزلز مکمل کی گئیں۔پی ڈی کنسٹرکشن عبدالمنان منگی کا کہنا تھا کہ لیسکو میں سسٹم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کے تحت دیہاتوں تک بجلی پہنچانے کا کام بھی جاری ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ 6ماہ میں چھ دیہاتوں کو بجلی کی سپلائی مہیا کردی گئی ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی سے تکمیل کے لیئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ایسے تمام دیہات جنہیں اب تک بجلی کی سہولت میسر نہیں آسکی ان تک جلد ازجلد یہ سہولت بہم پہنچائی جاسکے۔چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو ایک مظبوط ترسیلی نظام کی حامل کمپنی ہے اور تمام فیلڈ فارمیشنزاسے مزید مظبوط تر بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -