حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی،جاوید قصوری

  حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی،جاوید قصوری

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے ایک دن میں کورونا کے ریکارڈ کیسز6409اور 101اموات پر اظہا ر تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی مایوس کن کارکردگی کھل کر سامنے آچکی ہے۔ایک طرف کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں، اموات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت نے 5قرنطینہ سینٹر ز اور 50 بیڈ کا عارضی ہسپتال بند کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ ٹکٹ منہ مانگے داموں فروخت کیے جارہے ہیں۔ سفارت خانوں نے بھی انہیں بے یا ر و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ امداد کے نام پر عوام کو محض طفل تسلیاں دی گئیں۔ لاک ڈاؤن کے ستائے عوام حکومتی امداد حاصل کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خودہی عوام میں خوف و ہراس پھیلارہی ہے۔ وزراء کو سمجھ ہی نہیں آتا کہ کیا کہنا چاہیے اور کیا نہیں۔ ثابت ہوچکا ہے کہ موجودہ حکمران نا اہلوں کا ایک ٹولہ ہے جس کے پاس کوئی وڑن نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مصیبتوں کا ایک لامتناہی سلسلہ ہے۔ چھٹکارہ کے لیے رجوع الی اللہ کرنا ہوگا۔ عوام اللہ سے توبہ استغفار کرکے اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق گزارنے کا عہد کریں۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا مگر بد قسمتی سے 73برس گزرنے کے باوجود، قرآن و سنت کے نظام کو نافذ العمل نہیں کیا جا سکا۔ سود پر چلنے ولای معیشت سے نجات حاصل کی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -