حکمرانوں نے چین کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش نہ کی،وقار باجوہ

  حکمرانوں نے چین کے تجربات سے سیکھنے کی کوشش نہ کی،وقار باجوہ

  

لاہور(پ ر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ یورپ کے صدر وقاراحمدباجوہ،صدرفرانس محمد عامر قریشی،صدربرطانیہ اقبال سندھو،صدر ترکی رانا محمد عثمان،صدرملائیشیاعرفان افضل چوہدری،نائب صدرفرانس ملک عامرجمیل، صدرسعودیہ سرفرازخان نیازی اورصدرنیویارک محمدجمیل گوندل نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونابحران کے پیچھے ہمارانااہل حکمران طبقہ ہے۔ ہمسایہ ملک چین نے جس منظم اورموثرانداز سے کرونا کوہرایا ہماری حکومت کی طرف سے چینی قیادت اورقوم کے تجربات سے کچھ سیکھنے کی کوشش نہیں کی گئی۔

حکمران کرونا سے بچاؤکیلئے اقدامات کی بجائے محض اعلانات کرتے رہے،وزیراعظم عمران خان نے کرونا کے معاملے میں بھی کئی بار یوٹرن لیا اورموصوف نے پاکستانیوں کوبندگلی میں پہنچادیا۔وہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وقاراحمدباجوہ، محمدعامرقریشی،اقبال سندھو، رانا محمد عثمان، عرفان افضل چوہدری، ملک عامرجمیل، سرفرازخان نیازی اور محمدجمیل گوند ل نے مزید کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق بارے ازسرنو ترجیحات متعین کرنے کی ضرورت ہے،آج عہدجمہوریت میں بھی عوام اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔اسلامی معاشرے میں انسانی حقوق کی پامالی اورخواتین کااستحصال افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ تیزاب نے کسی عذاب کی طرح اب تک کئی خواتین کوزندہ درگورکردیا ہے مگرابھی تک اس کی آزادانہ تجارت پرپابندی نہیں لگائی گئی۔غیرت کے نام پرخواتین کے خون سے ہولی کھیلنے کاسلسلہ رکنے میں نہیں آرہا،خواتین کوجنسی درندوں اورتیزاب کے حملوں سے بچانے کیلئے سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مفلس اورنادارخاندانوں کے بچے تعلیمی اداروں کی بجائے محنت مشقت کیلئے کارخانوں اورفیکٹریوں میں جانے پرمجبورہیں۔ پسماندگی اورناخواندگی سے نجات کیلئے پاکستان کو شاہراہوں سے زیادہ درسگاہوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں کی حفاظت کیلئے ٹھوس اوردوررس اقدامات کرناہوں گے ورنہ حواکی بیٹی کااحساس محرومی اور خوف اس کی خدادادصلاحیتوں کوزنگ آلودکردے گا۔اسلام نے ہمیں خواتین اور خادمین کے حقوق کااحترام کرناسکھایا۔انہوں نے کہا کہ گھروں میں کام کرنیوالے بھی انسان اوران کے بھی حقوق ہیں،گھریلوملازمین کومعمولی باتوں پرقتل کرنے کے واقعات انتہائی شرمناک اورقابل مذمت ہیں۔شہری اپنے گلی محلے میں گھریلو ملازمین کے استحصال کوروکنے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ بھرپورتعاون کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -