بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی سے مسائل بڑھ گئے،ذکر اللہ مجاہد

بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی سے مسائل بڑھ گئے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی میں شہر مسائلستان بن چکا ہے۔ بلدیاتی ادارے لوگوں کی ویل فیئر کے کام کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں مگر بدقسمتی سے ہر جمہوری حکومت نے اپنا آمرانہ تسلط قائم کرکے جمہوری اداروں کو تباہ کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر کبھی بلدیاتی ادارے معرض وجود میں آئے بھی ہیں تو اس میں نام نہاد سیاسی حکومتوں کی بجائے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کا کردار زیادہ رہا ہے۔ صفائی، پینے کا صاف پانی، سیوریج، ٹوٹی سٹرکیں جیسے بڑے مسائل شہریوں کیلئے درد سر بنے ہوئے ہیں۔ شہر میں پینے کا صاف پانی 70 فیصد آلودہ ہے جس کے استعمال سے شہری متعدد موذی بیماریوں کا شکار بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے لگائے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نچلی سطح پر موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے خراب ہو کر بند پڑے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت سیوریج ملا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسا المیہ ہے کہ لوگوں کے ووٹ سے اقتدار میں آنے والے حکمران اقتدار حاصل کرنے کے بعد ڈکٹیٹر کا روپ دھار لیتے ہیں اور تمام وسائل اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بجائے اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے عوام بے پناہ مسائل کا شکار ہے۔