مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم کا وزیراعظم کیخلاف کورونا سے ہلاکتوں کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ

مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم کا وزیراعظم کیخلاف کورونا سے ہلاکتوں کا مقدمہ درج ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم پنجاب نے مطالبہ کیاہے کہ کورونا سے ہونے والی ہر ہلاکت کا الگ مقدمہ درج کرکے وزیراعظم عمران خان کو ملزم نامزد کیا جائے، یہ مطالبہ رانا ظفر اقبال صدر مسلم لیگ (ن)لائیرز فورم پنجاب نے یہ مطالبہ لاہورہائی کورٹ بار میں ہونے والے مسلم لیگ (ن)لائیرز فورم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزیدکہا کہ یہ امر معنی خیز ہے کہ کرونا پوزیٹو سماجی رہنما فیصل ایدھی سے احتیاطی تدابیر کے بغیر ملاقات کے باوجود عمران نیازی کرونا میں مبتلا نہیں ہوا جبکہ اپوزیشن کی اعلیٰ سیاسی قیادت سمیت سینئر جج صاحبان اور اعلیٰ سرکاری افسراحتیاطی تدابیر کے باوجود کرونا کا شکار ہیں،جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن)لائیرز فورم پنجاب زاہد ملک نے کہا کہ کورونا کے پھیلاو میں سہولت کا واحد مقصد حقیقی قیادت کا خلا پیدا کرکے نیازی سرکار کی نااہلی سے عوام اور ملک کی اقتصادی زبوں حالی کے خلاف احتجاج کو سڑکوں پر آنے سے روکنا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر مسلم لیگ (ن)لائیرز فورم پنجاب اور سابق صدر بار عنصر عباس بلوچ نے کہا کہ سماجی فاصلے کے اہم ترین مرحلے میں غیر ضروری انکوائریوں، امداد اور راشن کی تقسیم سے تھانے سے لے کر سپریم کورٹ اور ضلعی انتظامیہ کے دفاتر سے نیب تک ہزاروں افراد کے اجتماع ناگزیر بنائے گئے تاکہ کرونا اور اس کا خوف پھیل کر عمران نیازی کی قومی اقتصادی و انتظامی تباہ کاریوں سے صرف نظر کا باعث بنے۔ نائب صدر پنجاب رانا نذیر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کرونا کی وجہ سے حاضری کا استثنیٰ دیتے رہے لیکن ماسک نہ پہننے پر غریب کے موٹرسائیکل کی ہوا نکالنے والی نیازی سرکار کا بغل بچہ نیب سیاسی اعلیٰ ترین قیادت کو طلب کرکے ہجوم اکٹھے کرتا رہا،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر نائب صدر لاہور ڈویژن خالد نواز گھمن ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ریکارڈ پر لایا جائے کہ چمن بارڈر سے متاثرین کو عمران خان کے مشیر خاص زلفی بخاری نے طبی اصولوں کے خلاف مجتمع کرکے عمدا" کرونا کی بنیادی نرسری پیدا کرکے وائرس ملک کے طول و عرض میں پھیلایا، صدر پی ایم ایل ایف لاہور رفاقت ڈوگر نے کہا کہ طبی عملے کو طویل عرصہ تک حفاظتی کٹس فراہم نہ کرکے ہسپتالوں کو کرونا کے بریڈنگ سنٹر بنایا گیا، اجلاس میں متفقہ طور پر پنجاب اسمبلی میں کرونا پھیلاو کی ذمہ داری نیازی سرکار پر عائد کیے جانے کی رابعہ فاروقی کی پیش کی جانے والی قرارداد کی حمایت بھی کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم

مزید :

صفحہ آخر -