حج ادائیگی کے مختلف امکانات پر تفصیلی غورکر رہے ہیں،پیر نور الحق قادری

  حج ادائیگی کے مختلف امکانات پر تفصیلی غورکر رہے ہیں،پیر نور الحق قادری

  

اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ حج ادائیگی کیلئے مختلف امکانات پر تفصیلی غورکر رہے ہیں، سعودی حکومت کا فیصلہ 15 جون تک متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج مشاورتی اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔ مشاورتی اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور سمیت وزارت کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی حج جدہ ابرار مرزا، ڈائریکٹر مکہ ساجد منظور اسدی اور ڈائریکٹر مدینہ منورہ طارق رحمانی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں حج 2020 کی ادائیگی کے حوالے سے تمام ممکنہ انتظامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ اس سال ہونے والا حج روائیتی حج نہیں ہو گا بلکہ کورونا وبا کی تناظر میں حجاج کرام کیلئے سعودی عرب اور پاکستان میں کئی حفاظتی اقدامات کرنا ہونگے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے ڈی جی حج جدہ کو ممکنہ تخمینہ لگانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا اگر سعودی عرب اپنے فیصلے میں حجاج کرام کی تعداد اور سفر حج کے دورانیہ میں کمی کرتا ہے تو اس سے حج پیکیج پر کیا اثرات مرتب ہونگے؟ اس سلسلے میں عالمی ادارہ صحت نے سعودی حکام کو کیا حفاظتی اقدامات تجویز کئے ہیں؟ اجلاس میں عالمی ادارہ صحت کی سفارشات کے مطابق صرف 20 سے 50 سال کے عازمینِ کرام کو سعودی عرب بھیجنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ سیکرٹری مذہبی امور سردار اعجاز احمد خان نے اجلاس میں کہا کہ وزارتِ مذہبی امور حج انتظامات کے حوالے سے ہر قسم کے ہنگامی حالات کیلئے تیار ہے۔

پیر نور الحق قادری

مزید :

صفحہ آخر -