احتیاط نہ کرنیوالوں کی وجہ سے کورونا گلی محلوں تک پہنچا: چودھری سرور

احتیاط نہ کرنیوالوں کی وجہ سے کورونا گلی محلوں تک پہنچا: چودھری سرور

  

لاہور(این این آئی) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالوں کی وجہ سے کورونا وبا گلی محلوں تک پھیل رہی ہے۔ حکومتی ادارے کورونا کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہے ہیں وقت آچکاہے کہ عوام بھی کورونا سے بچاؤ کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کر یں۔کوروناکی وجہ سے پاکستان آج مشکل تر ین حالات سے گزر رہا ہے۔ کورونا کیخلاف جنگ کسی ایک جماعت یا حکومت کی نہیں بلکہ22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے جس کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر کام کر نا ہوگا۔ وہ گور نر ہاؤس لاہور میں اورسیز پاکستانی راجہ مظہر حسین سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ بدقسمتی سے ہر گزرتے دن کیساتھ کورونا کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے ان حالات میں معاشر ے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام میں آگاہی کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور خود بھی کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو یہ بات بھی سمجھ لینا چاہیے کہ کورونا وباء ایک حقیقت ہے اس سے بچنے کیلئے حکومتی ایس اوپیز عمل کر نے کے سواکوئی آپشن نہیں اور جو لوگ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے وہ خود کورونا کو دعوت دے رہے ہیں جسکی وجہ سے کورونا کے مر یضوں اور کورونا سے ہونیوالی ہلاکتوں میں بھی خطر ناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے آج پاکستان مشکل تر ین دور سے گزر رہا ہے اور آج کورونا کی وجہ سے پاکستان کو معاشی طور پر مشکلات ہیں لیکن اسکے باوجود ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور کورونا سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ کورونا سے متاثر ہو ئے ہیں ہم انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں اور کورونا کیخلاف لڑ تے ہوئے اپنی زندگی کی بازی ہارنیوالوں کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انکو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر وجمیل عطا ء فر مائے۔

چودھری سرور

مزید :

صفحہ آخر -