شہباز شریف کورونا وائرس کا شکار، گھر میں قرنطینہ، احتساب عدالت میں رپورٹ پیش
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار،جنرل رپورٹر) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر خود کو قرنطینہ کر لیا اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کینسر میں مبتلا رہے ہیں، نیب کو متعدد بار ان کی طبیعت سے آگاہ کرتے ہوئے ویڈیولنک سے تفتیش کا بھی کہا تھا، شہباز شریف ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق بار بار کورونا ٹیسٹ کرا رہے تھے۔مسلم لیگ (ن)کے رہنماء عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کو کورونا وباء کے دوران نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف نے نیب میں پیشی کے علاوہ کسی سے ملاقات کی نہ ہی کہیں گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے۔دوسری جانب احتساب عدالت میں میاں شہباز شریف کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی پازیٹو رپورٹ پیش کردی گئی،میاں شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میاں شہباز شریف نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پرخود کو گھر میں کورنٹائن کر لیا ہے،جس پر فاضل جج نے کیس کی مزید سماعت یکم جولائی تک ملتوی کردی۔قبل ازیں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی توفاضل جج نے استفسار کیا کہ میاں شہباز شریف کہاں ہیں؟جس پر ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میاں شہباز شریف کو کورونا وائرس ہوگیا ہے،وہ اپنے گھر پرقرنطینہ ہوچکے ہیں،میاں شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی دی گئی ہے،عدالت سے استدعاہے کہ رمضان شوگر ملز کیس کو تین ہفتوں کیلئے ملتوی کردیاجائے،فاضل جج نے میاں شہباز شریف کے وکیل سے استفسار کیا کہ متعلقہ مریض کو تین ہفتوں کیلئے قرنطینہ کرتے ہیں؟جس پر وکیل نے کہا کہ میڈیکل کے مطابق 14دن بعد رپورٹ کروائی جاتی ہے،دوران سماعت فاضل جج نے حمزہ شہباز کے بغیر اجازت کمرہ عدالت میں بیٹھنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ دوران سماعت اگر آپ کو کوئی مسئلہ ہو تو عدالت کی اجازت سے بیٹھتے ہیں،عدالت کے قوانین کا احترام کیا جائے،مذکورہ بالا رریمارکس کیساتھ عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم جولائی پر ملتوی کردی،علاوہ ازیں احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل ریفرنس کی سماعت 16 جون تک ملتوی،کیس کی سماعت وکلاء کی ہڑتال کے باعث ملتوی کی گئی،گزشتہ روز عدالت میں آشیانہ ریفرنس کے زیر حراست ملزم احد چیمہ کو پیش کیا گیاجبکہ ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم فواد حسن فواد بھی عدالت میں پیش ہوئے،میاں شہباز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر چودھری محمد نواز ایڈووکیٹ نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال دے رکھی ہے،جس پر احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے آشیانہ اقبال ریفرنس کی سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیں نیب نے میاں شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں آغا خان یا شوکت خانم لیبارٹری سے دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیدیا۔نیب ذرائع کے مطابق کورونا کیسز کی متعدد مثالیں موجود ہیں جہاں دو مختلف لیبارٹریوں کے نتائج مختلف آتے رہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیشی پر شہباز شریف نے حفاظتی ماسک اور گلوز پہنے ہوئے تھے جبکہ نیب لاہور میں مکمل حفاظتی اقدامات بھی اختیار کئے جا چکے تھے اورشہباز شریف کو ٹیبل پر شیشے کی سہولت کیساتھ ساتھ ہینڈ سینیٹائزر بھی فراہم کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیشی حکام سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے سوال جواب کرتے رہے اور پھر ان کا راتوں رات کورونا مثبت آنے کا معمہ حل طلب بھی ہے اور وضاحت طلب بھی۔ جبکہ مسلم لیگ(ن)کے اہم عہدیدار کورونا کے شکارہیں لیکن الزام نیب میں گھنٹے کی پیشی پر؟۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی احتساب عدالت میں اہم پیشی تھی جہاں رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی،اوران کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی ٹائمنگ انتہائی اہم ہیں۔ مزید برآں میاں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہبازنے کہا ہے کہ ان کے والد نیب میں پیشی کے علاوہ گھرسے باہر نہیں نکلے تھے، ہم نے سوالنامہ بھیجنے یا سکائپ کے ذریعے پیش ہونے کا کہا تھا لیکن نیب نے منع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا کورونا کا ٹیسٹ نیب آفس میں پیش ہونے کے بعد مثبت آیا۔سلمان شہباز نے کہا کہ اگر شہبازشریف کو کچھ ہوا تو ہمارا خاندان چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال، وزیراعظم عمران خان اور معاون خصوصی شہزاد اکبر کیخلاف مقدمہ درج کرائے گا۔مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ دیکھو تم لوگوں نے شہبازشریف کے ساتھ کیا کردیا، ان کا کورونا پازیٹو ثابت کرتا ہے کہ ان کے تحفظات غلط نہ تھے۔مریم نواز نے کہاکہ شہبازشریف تمام انتقامی کارروائیوں کی شدت بارے جانتے ہوئے بھی لندن سے واپس آئے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ شہبازشریف قطعی طورپر احتساب کے عمل سے بچنے کی کوشش نہیں کررہے، اپوزیشن لیڈر کی زندگی کو خطرے سے دوچار کرنا شرمناک ہے۔لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی پہلے سے کمزور صحت کو خطرے میں ڈالا گیا ہے، ان کی صحت کے بارے میں جانتے ہوئے یہ سب کرنے والوں کو ایک دن جواب دینا ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شہباز شریف ٹیلیفونک رابطے میں خیریت دریافت کی،اسد قیصر اور بلاول بھٹو نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
شہباز شریف/کورونا
لاہو ر(این این آئی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر محمد شہباز شریف کو ٹیلیفون کر کے ان کی صحت بارے دریافت کیا۔آرمی چیف نے شہباز شریف کی مزاج پرسی کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے مزاج پرسی کے لیے ٹیلی فون کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چین کے سفیر یاؤ جنگ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ مسلم لیگ (ن) کے مطابق چینی سفیر یاؤ جنگ نے شہباز شریف سے رابطہ کر کے ان کی جلد صحتیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چینی سفیر نے شہباز شریف کوکسی بھی قسم کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔ شہباز شریف نے چینی قیادت اور سفیر یاؤ جنگ کی اپنی صحت سے متعلق فکر مندی پر اظہار تشکر کیا۔