وزیر اعلٰی عثمان بزدار کا نان روٹی کے نرخ بڑھانے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم

      وزیر اعلٰی عثمان بزدار کا نان روٹی کے نرخ بڑھانے والوں کیخلاف کارروائی ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نان،روٹی کے نرخوں میں استحکام کیلئے ہرممکن انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہاکہ صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول نان،روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے اورانتظامیہ بھی نان،روٹی کی مقررہ کردہ نرخوں میں دستیابی یقینی بنائے۔ عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر نان،روٹی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور مقرر کردہ نرخوں سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔نان،روٹی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کرنیوالوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ نان، روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جوازنہیں،کسی کونرخ میں اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا،جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک،ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،کمشنر لاہور ڈویژن، ماہرین اور اعلی عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے پنجاب خصوصاً لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیاگیااوراس امر پر اتفاق کیاگیاکہ لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی علیحدہ موثر پالیسی مرتب کی جائے گی اوراس ضمن میں ماہرین پر مشتمل خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیاگیا۔خصوصی ورکنگ گروپ کی سفارشات کی روشنی میں لاہورشہرکیلئے علیحدہ ماڈل تیار کیا جائے گا۔ورکنگ گروپ کی سفارشات کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کی روک تھام کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کوروناکا پھیلاؤ روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اجلاس میں کورونا کا پھیلاؤ کم کرنے کیلئے سول اور عسکری اداروں میں کوآرڈینیشن کو مزیدموثر بنانے اور مشترکہ کاوشوں کو مزیدتیز کرنے پر اتفاق کیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ صوبے میں ماسک کی پابندی پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔مارکیٹو ں اوربازاروں میں ایس او پیزکی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں اس امر سے اتفاق کیاگیا کہ کورونا وباء کے حوالے سے مستقبل کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرپیشگی ضروری پلاننگ کی جائے گی۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ موجودہ صورتحال میں تعلیمی ادارے نہیں کھولے جائیں گے۔ سیلاب کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات قبل از وقت مکمل کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صورتحال مشکل ضرورہے لیکن ہم سب کا عزم اس سے بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اورعوام کی حمایت سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔زمینی صورتحال کا جائزہ لے کرعوام کی زندگیاں محفوظ کرنے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔عوام کو موجودہ حالات میں ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وعسکری قیادت عوام کے تعاون سے کورونا چیلنج سے بطریق احسن نمٹ رہی ہے-وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لاہور اوردیگر شہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ پالیسی جلد مرتب کی جائے اوراس ضمن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے ممکنہ خدشے کے باعث محکمہ آبپاشی اورمتعلقہ ادارے پیشگی تیاریاں مکمل رکھیں۔اجلاس میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کوسراہا گیا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے بھرپور تعاون پرعسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے پنجاب حکومت کوکورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہرممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کورونا ایک قومی چیلنج ہے،سول حکومت کومکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حملے میں شہید ہونے والے دو جوانوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے جبکہ زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -