شفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم بہتربنایا جائے،صدر مملکت

  شفاف انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم بہتربنایا جائے،صدر مملکت

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے الیکشن کمیشن حکام پر زور دیا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ انتخابات کی شفافیت کیلئے بائیو میٹرک اور الیکٹرانیک ووٹنگ کے نظام کو بہتربنایا جائے۔صدر مملکت کی زیر صدارت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے، بائیو میٹرک تصدیق اور ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ نظام سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات محمد اعظم خان سواتی، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹر اختر نذیر اور صدر کے سیکرٹری طارق نجیب نجمی نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین، بائیو میٹرک تصدیق اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے آن لائن ووٹنگ سسٹم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پرصدر مملکت کا کہناتھاکہ موجودہ ووٹنگ کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔صدر نے الیکشن کمیشن کو تمام شعبوں بالخصوص بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے ووٹ ڈالنے کے عمل میں تیزی کی ہدایت کی ہے۔اجلاس میں ای ووٹنگ اور مجوزہ ممکنہ حل سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور رہنمائی کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے آن لائن ووٹنگ، ووٹرز کی بائیو میٹرک تصدیق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے پورے عمل کی نگرانی کیلئے نگران کمیٹی بنانے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

صدر مملکت

مزید :

صفحہ اول -