محکمہ تعلیم میں افسران کارکردگی کی بنیاد پر مقرر کیے جائیں گے،اکبر ایوب
پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے کہا، کہ محکمہ تعلیم میں افسران کی تقرریوں کو کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا جبکہ فرائض پرکماحقہ عمل درآمد ان کی ترقی اور پوسٹنگ کے انتہائی مددگار ثابت ہوگا۔ممبر صوبائی اسمبلی نذیر عباسی کی سربراہی میں اسکول آفیسرز ایسوسی ایشن نے پشاور میں وزیر تعلیم اکبر ایوب خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔اجلاس کے دوران، ایسوسی ایشن نے صوبائی وزیر کو محکمہ تعلیم میں تدریسی کیڈر اور انتظامیہ کیڈر کے افسران کی خدمات اور ان کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔اس میٹنگ میں ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم، ایسوسی ایشن کے سربراہان اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے ان کی تعلیمی جدوجہد کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کی مشکلات کو قانونی تقاضوں کے مطابق ترجیحی طور پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم ان کی انتھک کوششوں سے ترقی کی بلندیوں پر پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی محمود خان سے ایسوسی ایشن کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے تاکہ ان کے مسائل کو قانونی تقاضوں کے مطابق جلد از جلدحل کیا جاسکے۔